نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ای کامرس شعبے کی معروف کمپنیوں ایمیزون اور فلپ کارٹ کو بڑا دھچکہ دیتے ہوئے ان کے خلاف کمپٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کی جانچ میں مداخلت سے انکار کردیا ہے۔ مسابقتی قانون کی خلاف ورزی کے لیے دونوں کمپنیو ں کے خلاف سی سی آئی کی جانچ چل رہی ہے۔
چیف جسٹس این وی رمن، جسٹس ونیت سرن اور جسٹس سوریہ کانت کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے میں کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم عدالت دونوں کمپنیوں کو جانچ میں شامل ہونے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔
دونوں کمپنیوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے غیر مسابقتی کاروبار کے لیے دونوں کمپنیوں کے خلاف سی سی آئی کی جانب سے شروع کی گئی ابتدائی تفتیش (پی ای) میں مداخلت سے انکار کر دیا۔
جسٹس رمن نے سماعت کے دوران کہا کہ"ہمیں (ہائی کورٹ کے) حکم میں مداخلت کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ (جانچ میں شامل ہونے کا) وقت آج (9 اگست) ختم ہو رہا ہے، ہم چار ہفتوں کی توسیع کررہے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ایمیزون اور فلپ کارٹ جیسی بڑی کمپنیاں رضاکارانہ طور پرجانچ میں شامل ہوں گی۔'
- مزید پڑھیں: کسان کے بیٹے کو ملا ایمیزون میں 67 لاکھ کا پیکیج
سینئر ایڈوکیٹ گوپال سبرامنیم نے ایمیزون کی جانب سے دلائل پیش کیں جبکہ سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی فلپ کارٹ کی جانب سے پیش ہوئے۔ سی سی آئی کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا پیش ہوئے۔'
یواین آئی