وزارت شہری ہوا بازی نے آج ایک بیان میں بتایا کہ اسے امریکہ، جرمنی اور فرانس سے مسافر طیارے چلانے کے لئے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن پر غور کیا جارہا ہے۔ یہ شیڈیول مسافر طیاروں کی سروس نہيں ہوگی۔ یہ ان پروازوں کی طرح ہوں گی جو وندے بھارت مشن کے تحت ائر انڈیا کے ذریعے چل رہی ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ اس معاملے پر 15 جون کو امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ اور امریکی سفارت خانہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی۔ اس کے بعد امریکہ نے 19 جون کو ایک تفصیلی تجویز بھیجی ہے۔
وندے بھارت مشن کے بعد وزارت دوطرفہ معاہدوں کی بنیاد پر بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے پر غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "بیرون ملک پھنسے ہوئے ہمارے شہریوں کو باہر نکالنے اور غیر ملکی شہریوں کو ان کے ملک منتقل کرنے کے لئے محدود اور منظم پروازوں کے بعد ہم باہمی معاہدوں کی بنیاد پر پروازیں شروع کرنے کا امکان تلاش کر رہے ہیں۔ اب دوسرے ممالک میں مقیم بھارتی اور غیر ملکی شہری عام طور پر ان پروازوں سے بھارت سے باہر جا رہے ہیں۔
امریکہ، فرانس اور جرمنی کے علاوہ برطانیہ جانے والی پروازوں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ یہ وہ مقامات ہیں جن کے لئے کورونا کے دور میں مطالبے ہورہے ہیں۔