کورونا وبا کے جھٹکے کے باوجود غیر پٹرلیم اور غیر رتن۔زیورات کے کاروبار میں زبردست تیزی آنے سے اس سال ستمبر میں ملک کی برآمد 21.35فیصد بڑھ کر 33.44 ارب ڈالر پر پہنچ گئی۔
کامرس اینڈ انڈسٹری کی وزارت کی طرف سے جمعہ کو جاری اعدادو شمارکے مطابق ستمبر 2021میں ملک سے 33.44 ارب ڈالر کی برآمد کی گئی، جو ستمبر 2020کے 27.56 ارب ڈالر کی براّمد سے 21.35فیصد زیادہ ہے۔ حالانکہ اس مدت میں ملک کی درآمد 30.52ارب ڈالر سے 84.75 فیصد بڑھ کر 56.38 ار ب ڈالر ہوگئی۔ اس سے مذکورہ مدت میں کاروباری خسارہ 2.96ارب ڈالر سے 675.17فیصد کی چھلانگ لگاکر بڑھ کر 22.94ارب ڈالر پر پہنچ گیا۔
اعدادو شمار کے مطابق 2021کی اپریل۔ستمبر چھ ماہی میں ملک سے 197.11کروڑ ڈالر کی برآمد کی گئی جو اس کے گزشتہ برس کی مساوی مدت کے 125.61ار ب ڈالر کے مقابلہ 56.92 فیصد زیادہ ہے۔ مذکورہ مدت میں درآمد 151.31ارب ڈالر سے 82.36فیصد بڑھ کر 275.92ارب ڈالر ہوگئی۔ اس سے کاروباری خسارہ 206.68فیصد اچھل کر 78.81ارب ڈالر رہا۔
فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹرز فیوکے صدر ڈاکٹر اے شکتی ویل نے کہاکہ ستمبر مہینے کا کاروبار ی اعدادو شمار رواں مالی سال میں 400ارب ڈالر کی برآمد کے ہدف کو حاصل کرنے کی سمت میں تیز رفتار سے بڑھنے کے اشارے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال کی پہلی چھ ماہی کے دوران برآمد میں 197ارب ڈالر کو پار کرنا اپنے آپ میں اس چیلنجنگ وقت میں ایک شاندار کارکردگی ہے، جو ایکسپورٹروں کی سپردگی، عزم اور سخت محنت کی علامت ہے۔
یو این آئی