نئی دہلی: وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت اورصنعت کاروں کو مل کر ایسے طریقے وضع کرنے اور تلاش کرنے ہوں گے جس سے ملک خودکفیل بننے کے ساتھ ساتھ عالمی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔
مزید پڑھیں:مشینیں تیار کرنے والی فیکٹریاں بھی معاشی تنگی سے دو چار
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں حکومت نے خود کفالت پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ہماری خود انحصاری اور سودیشی کی سوچ کو بین الاقوامی تجارت سے علیحدگی کی سمت میں نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ بھارت پوری دنیا کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے خود انحصار ہونا چاہتا ہے۔'
مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہر ایک کو خود انحصار کرنے والے بھارت کے خواب اور اس کے لیے قومی سطح پر مہم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک قومی عزم کا اظہار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے نہ صرف ملک بلکہ دنیا ایک سنگین صورتحال سے دوچار ہے اور ہماری صنعت بھی اس سے مختلف نہیں ہے۔
فکی نے رواں مالی سال کے لیے جی ڈی پی شرح نمو منفی 4 اعشاریہ پانچ فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے جو تشویشناک ہے۔ معاشرتی اور ثقافتی سطح پر بھی ایک بہت ہی عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعت کو مشترکہ طور پر اس چیلنج سے نمٹنا ہوگا اور مل بیٹھ کر اس کے لئے نئے اقدامات اور نئے طریقہ کار وضع کرنے ہوں گے۔