نئی دہلی: مرکزی حکومت نے تہواروں کے موقع پر اپنے تمام ملازمین کو بغیر سود 10،000 روپے قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے یہ قدم صارفین کے اخراجات میں اضافہ کرکے معیشت میں مانگ کو بڑھانے کے منصوبے کے تحت اٹھایا ہے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔
سیتارمن نے کہا کہ چھٹے پے کمیشن سے مرکزی حکومت کے ملازمین کو تہوار کے لیے ایڈوانس دینے کا نظام ختم کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ' حکومت نے تمام افسران اور ملازمین کو بغیر سود 10،000 روپے کی ایڈوانس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 ہزارروپے کی یہ ایڈوانس پری پیڈ روپے کارڈ کی شکل میں ہوگا۔ اسے 31 مارچ 2021 تک خرچ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو یہ پیشگی 10 قسطوں میں ادا کرنا ہوگی۔ حکومت اس پر 4000 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔