بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود گھریلو سطح پر تین روزہ راحت کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج پھر اضافہ کر دیا گیا۔
قومی دارالحکومت دہلی میں آج پٹرول 24 پیسے کے اضافے کے ساتھ 91.17 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 15 پیسے کے اضافے سے 81.47 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں گذشتہ دنوں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی رہی ۔ ’اوپیک پلس‘ ممالک کا اجلاس آئندہ ہفتے ہونے والا ہے جس میں تیل کی پیداوار میں اضافے کے امکان پر تبادلہ خیال کئے جانے کی امید ہے۔ فی الحال لندن برینٹ کروڈ 66 ڈالر فی بیرل کے قریب ہے۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق ہفتہ کے روز دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں پیٹرول کی قیمتیں بالترتیب 91.17، 91.35، 97.57 روپے اور 93.11 روپے فی لیٹر ہوگئیں۔ اسی دوران دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 81.47، 84.35 روپے، 88.60 روپے اور 86.45 روپے فی لیٹر ہوگئی ہیں۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے دہلی میں پیٹرول کی قیمت میں 24 پیسے، کولکاتا اور ممبئی میں 23 پیسے اور چنئی میں 21 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ اسی دوران دہلی اور کولکاتا میں ڈیزل کی قیمت میں 15 پیسے، ممبئی میں 16 پیسے اور چنئی میں 14 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔