حیدرآباد: سی پی آئی اے پی یونٹ کے سکریٹری کے راما کرشنا کی قیادت میں پارٹی کے کارکنوں نے اے پی کے منگل گری ٹاون سے ریلی نکالی۔ یہ ریلی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف نکالی گئی تھی۔
مسٹرراما کرشنا اور دیگر لیڈروں نے ٹاٹا ایس گاڑی کو مین روڈ پر دھکیلا اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے احتجاج کو درج کرنے کے لیے امبیڈکرکے مجسمہ پر پھول نچھاور کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی پی آئی لیڈر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک کے عوام لاک ڈاون کے بوجھ کو برداشت کررہے ہیں، مرکز نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ڈیزل پر 7.15روپے ٹیکس اور پیٹرول پر 7.21 روپے ٹیکس عائد کیا ہے۔ مرکز نے پیٹرول اور ڈیزل پر محاصل عائد کرتے ہوئے 6 جون سے ملک کے عوام پر ایک لاکھ کروڑ روپے کا اضافی بوجھ عائد کیا'۔
انہوں نے کہاکہ آٹو رکشا ڈرائیورس، ٹریکٹر اور لاری ڈرائیورس پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے بُری طرح متاثر ہیں۔ ان قیمتوں میں اضافہ سے آرٹی سی بس کرایوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ مسٹر راما کرشنا نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لائے کیونکہ بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔