مالی سال2019-20 کے لیے پارلیمنٹ میں گذشتہ ہفتے پیش بجٹ کے اعدادو شمار پر اپوزیشن کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج کہاکہ بجٹ میں دیا گیا ہر اعدادو شمار قابل اعتماد ہے اوران کے سلسلے میں کسی طرح کی قیاس آرائی کی ضرورت نہیں ہے۔
لوک سبھا میں بجٹ پر تین دن میں تقریباً سولہ گھنٹے تک چلی بحث کا جواب دیتے ہوئے محترمہ سیتارمن نے کہا کہ بجٹ میں ذکر تمام اعدادوشمار کے سلسلے میں قیاس آرائی کی ضرورت نہیں ہے۔ ہر اعدادوشمار قابل اعتماد ہے۔ حکومت انقلابی تبدیلیوں میں یقین رکھتی ہے۔ بجٹ میں ہر سیکٹر کو اہمیت دی گئی ہے۔
کانگریس ترنمول اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ہنگامہ اور نعرے بازی اور بعد میں واک آوٹ کے درمیان تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کے اپنے جواب میں وزیر خزانہ نے جی ڈی پی، منریگا' شیڈولڈ کاسٹ، شیڈولڈ ٹرائب، خواتین، بچوں، شمال مشرقی ریاستوں اور سبسڈی کے لیے بجٹ میں کیے گئے التزامات کا دفاع کیا اور بتایا کہ ان کے لیے الاٹمنٹ بڑھائے گئے ہیں۔
حالانکہ انہوں نے بیشتر معاملات میں 2018-19 کے بجٹ کے اصل الاٹمنٹ سے 2019-20 کا اصل الاٹمنٹ کا موازنہ اور چند ہی معاملات میں 2018-19 کے ترمیم شدہ الاٹمنٹ سے موازنہ کیا۔
انہوں نے بجٹ تقریر میں زرعی سیکٹر کا ذکر نہیں ہونے کے اپوزیشن کے الزامات کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر میں اگر کسی ایک سیکٹر کا سب سے زیادہ ذکر ہوا ہے تو وہ زرعی سیکٹر ہے۔