مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے کالیا چک تھانہ علاقے میں ایک نوجوان کے ہاتھوں اپنے ہی کنبہ کے چار لوگوں کے قتل کرنے کے بعد لاشوں کو گودام کے اندر دفن کرنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس نے بند گودام سے ایک ہی کنبہ کے چار لوگوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
ذرائع کے مطابق کالیا چک تھانے کی پولیس نے گھر کے بڑے بیٹے اور مقامی باشندوں کی شکایت پر پورے معاملے کی تفتیش شروع کی۔پولیس نے شک کی بنیاد پر گودام کو کھلوایا، گودام کے ایک کونے میں چار لوگوں کو دفن کرنے کا انکشاف ہوا۔
ضلع مجسٹریٹ کی نگرانی میں چار سڑی گلی لاشیں دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔ بتایا گیا کہ قتل کرکے ان چاروں کی لاشیں گودام کے اندر دفن کر دی گئی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ باپ، ماں، بہن اور دادی کی لاشیں برآمد کی گئی ہے۔
تفتیش کے دوران پتہ چلا ہے کہ تین سے چار مہینہ قبل ان چار لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار کر گودام کے اندر دفن کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھجوایا دیا گیا ہے۔ پیسے کی لین دین کے سبب قتل کا معاملہ ہے۔ اس معاملے میں گھر کے چھوٹے بیٹے آصف محبوب کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ آصف محبوب نے تفتیش کے دوران اقبال جرم کرلیا ہے۔ اس کے بڑے بھائی محمود سے بھی پوچھ گچھ کی جاری ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انہوں نے چار مہینے بعد اپنے ماں باپ، بہن کی گمشدگی کی شکایت کیوں درج کرائی۔پولیس نے مزید کہا کہ گھر کے بڑے بیٹے نے چار مہینہ تاخیر سے شکایت درج کرائی ہے اسی بنیاد پر ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔