شہر لکھنؤ کی دادامیاں درگاہ گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں پر ہر روز مختلف مذاہب کے زائرین زیارت کے لئے آتے ہیں۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں دادا میاں درگاہ کی جانب سے عام و خاص کے لیے افطار کا اہتمام بڑے ہی خلوص کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر جہاں کئی سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کرتے ہیں، وہیں شہر کے دور دراز علاقوں سے بھی روزے دار آتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی دیگر مذاہب کے لوگ بھی دادا میاں کو عقیدت پیش کرنے کے لئے افطار پارٹی میں شامل ہوتے ہیں۔
شہر قاضی مولانا ابو العرفان فرنگی محلی صاحب نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ افطار کرانا ثواب کا کام ہے اور دادا میاں درگاہ میں یہ روایت لمبے عرصے سے چلی آرہی ہے۔
پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے قومی صدر شیو پال یادو نے افطار پارٹی میں شرکت کی اور صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ افطار کا اہتمام بہتر عمل ہے اس سے سماج میں گنگا جمنی تہذیب کی دھارا بہتی ہے اور ملک کے امن و امان کے لیے بھی دعا کی جاتی ہے۔