مغربی بنگال کے مشرقی بردوان ضلع کے جمال پور علاقے میں مال بردار گاڑی کے ایک مکان میں داخل ہونے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہو گئی۔
اس حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی باشندوں نے ناکہ بندی کر دی جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوگئی۔
سڑک حادثے کے خلاف احتجاج کے دوران مقامی باشندوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لئے آر اے ایف کی مدد لینی پڑی۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد حالات پر قابو پایا گیا۔
پولیس کے مطابق بالی (بالو) سے لدی ایک لاری بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے ایک مکان میں گھس گئی، موقع پر ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق حالات کو قابو میں کر لیا گیا ہے۔ اس معاملے میں کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
مظاہرے میں شامل پرشانت گڑائی کا کہنا ہے کہ جمال پور اور اس کے اطراف میں اکثر وبیشتر اس طرح کے واقعے رونما ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب عام لوگوں کی جان جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔