کے سی آر کی صدارت میں منعقدہ کابینی اجلاس میں ریاست کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور لاک ڈاون کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد لاک ڈاون میں مزید 10 روز تک توسیع کرنے کا فیصلہ لیا گیا تاکہ کورونا کی دوسری لہر پر مناسب انداز میں قابو پایا جاسکے۔
اطلاعات کے مطابق عوام کی سہولت کےلیے لاک ڈاون کے دوران نرمی کے اوقات میں تبدیلی کی گئی۔ اب صبح 6 بجے تا دوپہر ایک بجے تک دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ جبکہ ایک بجے تا دو بجے دوپہر تک عوام کو اپنے اپنے گھر جانے کی اجازت رہے گی۔ دوپہر 2 بجے سے صبح 6 بجے تک لاک ڈاون نافذ رہے گا۔ کابینی اجلاس میں ویکسینیشن اور بلیک فنگس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر بھی غور کیا گیا۔
تلنگانہ: لاک ڈاون میں مزید 10 دن کی توسیع
واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کےلیے ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ریاستی حکومت نے 12 مئی کو ریاست میں 10 روز کا لاک ڈاون نافذ کیا تھا، جس کے بعد 18 مئی کو حکومت نے لاک ڈاون میں 30 مئی تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ لاک ڈاون کے دوران صبح 6 تا 10 بجے تک نرمی دی جارہی تھی۔ ریاست میں لاک ڈاون نافذ کرنے سے کچھ روز قبل رات کا کرفیو 8 بجے شب سے صبح 5 تک نافذ کیا گیا تھا۔