ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں دن بدن درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے شہر میں پانی کی قلت کی وجہ سے ہاہاکار مچا ہوا ہے۔
اس سلسلے میں اندور میں زبردست احتجاج کیا گیا،کانگریس پارٹی نے میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور جانبداری برتنے کا الزام لگایا۔
واضح رہے کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے، لیکن میونسپل کارپوریشن پر اب بھی بی جے پی کا قبضہ ہے۔
کانگریس کے رہنماؤں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ایک میمورنڈم دے کر پانی کی قلت کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب وزیرداخلہ کی طرف سے اعلان ہوا ہے کہ آبی وسائل پر نگرانی رکھی جائے تو بی جے پی کے ریاستی صدر راکے سنگھ نے اس بیان پر نکتہ چینی کی۔
ریاست میں جب سے کانگریس کی حکومت بنی ہے اس وقت سے لے کر اب تک دو اہم مسائل درپیش رہے ہیں، پانی اور بجلی۔
کانگریس کے رہنماؤں وکّی رگھوونشی نے کہا کہ 'یہاں جان بوجھ کر جانبداری سے کام کیا جا رہا ہے، بی جے پی دانستہ طور پر عوام کو پریشان کر رہی ہے اور یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ جو ووٹ آپ نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو دیے تھے یہ سب اس کی وجہ سے ہورہا ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ لوگوں نے ووٹ نہیں دیا تو آپ کو یہ پریشانی اٹھانی ہی پڑے گی وکّی نے یہ الزام لگایا کہ جو بجلی کٹوتی ہورہی ہے اس کے پیچھے بھی بھارتی جنتا پارٹی کے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر ہمارا مطالبہ پورا نہیں کیا جائے گا تو آگے مزید احتجاج کیا جائے گا'۔