ڈونالڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز نارتھ کیرولینا میں ریپبلیکن پارٹی کے اجلاس میں کہا، ’ہم اپنے ملک کو اس طرح کے انسانی برتاؤ سے نہیں چلنے دے سکتے۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ مجھے دو برسوں میں واپس آنے (فیس بک پر) کی اجازت دے سکتے ہیں۔ مجھے اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے‘۔
انہوں نے اس وقت کو یاد کیا جب وہ صدر تھے اور مارک زکربرگ اپنی بیوی کے ساتھ وائٹ ہاؤس آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت زکربرگ نے میرے بارے میں فیسبک پر نمبر ون پر رہنے کے حوالے سے بات کی تھی۔ سابق صدر نے کہا کہ جس دن سے وہ صدر کے عہدے سے ہٹے اسی دن سے زکربرگ کا رویہ ان کے تئیں بدل گیا۔ اس سے پہلے جمعہ کے روز ٹرمپ نے کہا کہ فیسبک کا ان پر دو برسوں کے لیے پابندی لگانا انھیں ووٹ دینے والے سات کروڑ 50 لاکھ امریکیوں کی بے عزتی تھی۔
فیسبک نے جمعہ کے روز ہی اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو دو سال کے لیے معطل رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔ فیسبک نے کہا کہ اس کے کمیونٹی اسٹینڈرڈ کی خلاف ورزی کے سبب ٹرمپ کے اکاؤنٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ غورطلب ہے کہ جنوری میں ٹرمپ کے فیسبک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔