16 جون بالی ووڈ کے ڈسکو ڈانسر متھن چکرورتی کی سالگرہ کا دن ہے۔ بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے فنکاروں کو جہاں کئی برسوں کا وقت لگ جاتا ہے وہیں متھن چکرورتی ان چند اداکاروں میں شامل ہیں جنہیں اپنی پہلی ہی فلم کے لیے یہ ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔
سال 1976ء میں آئی فلم’’ مرگيہ‘‘بطور اداکار متھن چکرورتی کے فلمی کیریئر کی پہلی فلم تھی جس میں انہوں نے ایک ایسے سنتھالي نوجوان مرگيہ كا کردار ادا کیا جوانگریزی حکومت کی جانب سے اپنی بیوی کے جنسی استحصال کے خلاف آواز اٹھاتا ہے۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے انہیں بہترین اداکار کے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
متھن چکرورتی 16 جون کو کلکتہ میں پیدا ہوئے ان کا اصلی نام گورانگ چکرورتی ہے۔ انہوں نے گریجویشن کی تعلیم کولکتہ کے مشہور اسکاٹش چرچ سے پوری کی۔ اپنی زندگی کے ابتدائی دور میں وہ بائیں بازو کے نظریات سے کافی متاثر رہنے کی وجہ سے نکسل واد سے منسلک رہے لیکن اپنے بھائی کی بے وقت موت سے انہوں نے نکسل واد کا راستہ چھوڑ دیا اور پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لے لیا۔
مرگیہ كی کامیابی کے باوجود متھن چکرورتی کو بطور اداکار کام نہیں مل رہا تھا۔ یقین دہانی تو سبھی کراتے لیکن انہیں کام کرنے کا موقع کوئی نہیں دے رہا تھا۔ اس درمیان متھن چکرورتی کو دو انجانے، پھول کھلے ہیں گلشن گلشن جیسی کچھ فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ادا کرنے کا موقع ملا لیکن ان فلموں سے انہیں کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچا۔
انہوں نے سیاست میں بھی پنجہ آزمائی کی، جب کچھ روز قبل انہوں نے بنگال الیکشن سے قبل بی جے پی کا دامن تھام لیا تھا۔
یو این آئی