مہاراشٹر میں کورونا وبا کی وجہ سے بہت سارے بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے۔ بہت سارے بچے یتیم ہوگئے ہیں، ان بچوں کی پرورش ایک بہت ہی بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
وبا سے اپنے والدین کو کھو دینے والے یتیم بچوں کے سر پر شفقت بھرا ہاتھ رکھنے کے لئے مہا وکاس آگھاڑی سرکار کو مختلف این جی اوز اور سماجی خدمتگار اداروں کی جانب سے مشورہ دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹھاکرے حکومت نے بدھ کو ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے کہا کہ کورنا وبا کے دوران جو بچے یتیم ہوگئے ہیں ان بچوں کے نام پر ریاستی حکومت کی طرف سے 5 لاکھ روپئے کی رقم بینک میں جمع کروائی جائے گی۔ یہ رقم ان بچوں کو21 برس کی عمر مکمل ہونے پر ملے گی۔
اس فیصلے کے ذریعہ ریاستی حکومت، یتیم بچوں کے آنسو پوچھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ میں 5 ہزار 172 بچوں نے اپنے والد یا والدہ دونوں میں سے کسی ایک کو کھو دیا ہے۔ جب کہ 162 بچے ایسے ہیں جن کے ماں اور باپ دونوں کورونا کی وجہ سے موت کی آغوش میں چلے گئے ہیں۔
ریاستی حکومت ایسے یتیم اور بے سہارا بچوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے لئے بچوں کے نام بینکوں میں5؍ 5؍ لاکھ روپیے فکسڈ ڈپازٹ کے طورپر جمع کروائی گی۔ یہ رقم ان بچوں کو 21 برس کی عمر میں ملے گی تاکہ انہیں تعلیم اور کاروبار کرنے کے لئے کچھ مدد مل سکے۔