ریاست بہار میں مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے تحت شروع ہوئے فوقانیہ و مولوی کے امتحان پرامن ماحول میں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ امتحان میں شریک ہونے کے لیے دور دراز سے طلبا و طالبات شہر کے مختلف مراکز پر پہنچ رہی ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے جب مختلف مراکز کا دورہ کیا تو متعدد طالبات نے امتحان کے ضمن ای ٹی وی بھارت سے اپنی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس چلچلاتی دھوپ میں سفر کرکے آنا اور مرکز پر شدید گرمی کے باعث دو نشستوں میں امتحان دینا دشوار کن ہے، لہٰذا امتحان دو نشستوں کے بجائے ایک نشست میں لیا جائے۔
دوسری جانب مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ کے استاذ مفتی انعام الباری نے کہا کہ یقیناً دور دراز کا سفر طے کرکے امتحان دینے آرہے طلبا بالخصوص طالبات کو ذہن میں رکھتے ہوئے دیکھا جائے تو یہ ایک حساس معاملہ ہے۔
اس گرمی میں امتحان دہندگان کے لیے امتحان دینا کسی چیلنج سے کم نہیں، امتحان دہندگان میں ہر عمر کے طلبا و طالبات شامل ہیں، اور دشواریوں کا سامنا یقیناً انہیں کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کو چاہیے تھا کہ امتحان کا نظام الاوقات بنانے کے وقت ان چیزوں کو ذہن میں رکھے۔
واضح رہے کہ ارریہ سے چالیس کیلو میٹر دور کا سفر کرکے امتحان میں شریک ہورہی ساجدہ پروین نے کہا کہ ہم لوگوں کو بےحد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شدید دھوپ اور امس بھری گرمی میں امتحان دینا مشکل ہو رہا ہے، ہم لوگوں کا مطالبہ ہے کہ بورڈ دو نشستوں کے بجائے ایک نشست میں کرایا جائے۔
وہیں امتحان دلانے آرہے طالبات کے سرپرستوں کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کو صبح سویرے ہی گھر چھوڑ دینا پڑتا ہے اور پھر شام کے وقت شہر پورا جام ہو جاتا ہے، جس سے دور سے آنے والوں کو گھر پہنچتے پہنچتے رات ہو جاتی ہے اور پھر صبح سویرے تیار ہوکر جلدی نکلنا پڑتا ہے۔
دو نشستوں کی وجہ سے بچوں کے ساتھ ہم لوگوں کو بھی مرکز پر رہ کر وقت گزارنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتحان اگر ایک نشست میں منعقد ہوں تو اس سے لو اور امس بھری گرمی سے راحت ملے، بورڈ کے عہدے داروں کو اس سمت توجہ دینے کی ضرورت ہے۔