مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کے تحت ساتویں مرحلے میں پانچ اضلاع کی 34 سیٹوں کے لئے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سخت سکیورٹی انتظامات کے باوجود پانچوں اضلاع سے ساتویں مرحلے کی ووٹنگ کے دوران سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپوں کی مسلسل اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ساتویں مرحلے میں بردوان ضلع کے آہگلی ہال، پنڈیشور، درگاپور مشرق، درگاپور مغرب، رانی گنج، جموڑیہ، آسنسول جنوب، آسنسول شمال، کلٹی اور بارہ بونی میں سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ جموڑیہ میں مرکزی فورسز نے سی پی آئی ایم کی امیدوار ایشی گھوش کو پولنگ بوتھ میں داخل ہونے سے روک دیا جس پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔ سی پی آئی ایم کی امیدوار ایشی گھوش نے کہا کہ ایک امیدوار کو پولنگ بوتھ کے اندر جانے سے روکنے کا کیا مطلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے اس معاملے کی شکایت درج کرائی گئی ہے. انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولنگ بوتھ کے اندر ریگنگ ہو رہی ہوگی. دوسری جانب آسنسول جنوب ذاکر نگر میں نامعلوم شرپسندوں نے ترنمول کانگریس کے کیمپ کو منہدم کردیا جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
متحدہ اتحاد کے امیدوار کے حامیوں کی جانب سے پولنگ بوتھ کے باہر ووٹرز کے درمیان ہینڈ سینیٹائزر، گلوز اور ماسک تقسیم کرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے. پولیس نے اس معاملے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے۔ بارہ بونی اسمبلی حلقے کے 152 نمبر پولنگ بوتھ میں متحدہ اتحاد کے امیدوار کے پولنگ ایجنٹ کی زبردست پٹائی کر دی گئی۔ متحدہ اتحاد کے امیدوار اور حامیوں نے الیکشن کمیشن اور پولیس سے اس معاملے کی شکایت درج کرائی ہے۔
اسمبلی انتخابات 2021 کے تحت اعلان شدہ شیڈول کے مطابق 36 سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہونی تھی لیکن مرشدآباد ضلع کے شمشیرگنج اور جنگی پور کے امیدواروں کی کورونا سے موت ہونے کی وجہ سے 34 سیٹوں پر ہی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چھ اضلاع کی 36 سیٹوں کی ووٹنگ کے لئے مرکزی فورسز کی 776 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ساتویں مرحلے کی ووٹنگ کے دوران بنگال کے 86 لاکھ ووٹرز 284 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے تحت کل 294 سیٹوں میں سے اب تک 223 سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے جا چکے ہیں۔