ایک نوجوان جس کا تعلق حیدرآباد سے ہے، اداکار سے ملاقات کے لئے پیدل حیدرآباد سے ممبئی کیلئے روانہ ہوگیا۔ اس نوجوان کے ہاتھ میں اداکار کی ایک تصویر ہے، جس میں لکھا ہے کہ حقیقی ہیرو، وہ ان سے ملاقات کیلئے کافی پُرجوش ہے۔
وہ حد درجہ سونو سود سے متاثر ہے کہ لاک ڈاؤن کی بھی پرواہ کئے بغیر وہ نکل پڑا۔ اس نوجوان نے کہا کہ اداکار نے نہ صرف اس کی ریاست تلنگانہ بلکہ ملک کے کئی حصوں کے پریشان حال افراد کی مدد کی ہے۔
اس نوجوان کا تعلق وقار آباد ضلع کے پرگی سے ہے۔ اس نوجوان نے کہا کہ وہ روزانہ تقریباً 40 کیلو میٹر کا راستہ طے کر رہا ہے۔
اداکار سے ملنے کی اس کے دل میں خوشی ہے، اسی لئے وہ پیدل ہی جارہا ہے۔ اس کے لئے اس نے جب اپنے والدین سے اجازت مانگی تو انہوں نے پہلے تو اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا تاہم بعد ازاں اس نوجوان نے ان کو راضی کرلیا۔
اس نوجوان نے کہا کہ اگرچہ کہ اس کے پیر درد ہورہے ہیں لیکن اداکار کی تصویر دیکھ کر اس میں نیا جذبہ پیدا ہورہا ہے۔ ساتھ ہی اس نے کہا کہ پیدل جانے کے دوران کئی لوگ اس کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔
اس سوال پر کہ آیا اس کی آمد کی اطلاع پیشگی طورپر اداکار کو دی گئی ہے تو اس نے اس کا نفی میں جواب دیا تاہم کہا کہ میڈیا کے ذریعہ اداکار کو اس خصوص میں معلوم ہونے پر ملاقات کا موقع مل سکتا ہے۔
اس نے نشاندہی کی کہ اس کی روانگی کی اطلاع صرف اس کے والدین کو ہی ہے۔ اپنی اس خواہش کی تکمیل کے لئے وہ مہاراشٹر کے دارالحکومت جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:
raj kapoor death anniversary: آج بھی دلوں پر راج کرتے ہیں راج کپور
انہوں نے کہا کہ اداکار، ذات پات سے بالاتر ہوکر بھارت کے غریب عوام اور ضرورت مندوں کی مدد کررہے ہیں۔ ایسے شخص سے ملاقات کرکے ان کو خوشی ہوگی۔
یو این آئی