شیو سینا کے رکن پارلیمان سنجے راوت نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں ارنب گوسوامی کے لیک ہوئے واٹس ایپ چیٹ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے راجیہ سبھا کارروائی کے دوران کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی حکومت قومی سلامتی کےساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، حکومت کو شرم آنی چاہیے۔
راجیہ سبھا کے بجٹ اجلاس کے پانچویں دن راوت نے کسانوں کے تحریک سے نمٹنے کے لیے حکومت کی حکمت عملی پر نکتہ چینی کی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب وزیراعظم کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، انہیں زبردست اکثریت حاصل ہوئی، لیکن تکبر اور غرور والے اقدامات سے ملک نہیں چلتا۔
آج کا دور ایسا ہے کہ جو بھی حکومت کی تنیقد یا مخالفت کرے اس کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کردیا جاتا ہے۔حکومت آئے دن متعدد صحافیوں اور لیڈروں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروا کر انہیں جیل بھیج دے رہی ہے۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ' آپ ان لوگوں کو غدار کہتے ہیں، کیا یہ غدار ہیں، تو پھر ملک میں محب وطن کون ہے؟ ارنب گوسوامی اور گنگنا رناوت؟''کیا یہ لوگ محب وطن ہیں، جن کی وجہ سے مہاراشٹر میں ایک معصوم شخص نے خودکشی کی یا وہ جس نے ملک کی خفیہ جانکاری کو لیک کرکے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔وہ شخص اب بھی آپ کی خدمت میں اور آپ کی تحفظ میں ہے، یہ معاملہ قومی سلامتی کا ہے، لیکن آپ نے اس معاملے پر اب تک بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ارنب کو بالاکوٹ فضائی حملہ کے بارے میں پہلے سے ہی معلوم تھا۔ اس انسان نے مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کے لیے بھی نازیبا لفظ کا استعمال کیا، آپ کو شرم آنی چاہیے کہ آپ اس جیسے انسان کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
راوت نے 26 جنوری کے تشدد اور دیپ سندھو کی گرفتاری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ '' لال قلعہ میں قومی ترنگا کی بے حرمتی سے مایوس تھے اور ہم سب کو بھی افسوس ہے کہ لال قلعہ میں ترنگا کی بے حرمتی کی گئی، لیکن جس شخص نے ترنگا کی بے حرمتی کی وہ دیپ سندھو کون ہے؟ وہ کس کے لیے کام کرتا ہے؟حکومت اس بارے میں بات کیوں نہیں کر رہی۔حکومت نے 200 کسانوں کو گرفتار کر جیل بھیج کر ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کردیا ہے لیکن دیپ سندھو کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔