وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اپنے طے شدہ دورے کے تحت رامپور پہنچ رہے ہیں۔ جہاں وہ درجنوں منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد کو لیکر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ رامپور کے ہر مقام پر بھاری پولیس فورس تعینات کی گئی۔ کئی اہم روٹوں کو بھی ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے رامپور دورے سے متعلق اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی کسان یونین کے ضلع صدر حسیب احمد نے کہا کہ رامپور میں گزشتہ دنوں آئے سیلاب سے کافی تباہی مچی، کسانوں کی فصلیں برباد ہوگئیں لیکن یوگی جی نے کسانوں کے حق میں ایک لفظ نہیں بولا اور اب جیسے ہی چناؤ نزدیک آنے لگے تو یوگی جی بھی رامپور آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رامپور میں وزیر اعلیٰ صرف چناؤ کے موسم میں ہی آتے ہیں۔
- یہ بھی پڑھیں:ٹویٹر صارف کی وزیر اعظم اور یوگی آدتیہ ناتھ کو دھمکی
وہیں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دورے سے متعلق انتظامیہ زبردست تیاریوں میں مصروف ہے۔ گزشتہ دنوں جس طرح سے رامپور کے کئی حصوں میں سیلاب آیا تھا اور وہ مقامات بری طرح متاثر ہوگئے تھے۔ اپنی لاپرواہیوں اور خامیوں کو چھپانے کے بھی یہاں انتطامات کارنامے نظر آ رہے ہیں۔ پولیس لائن سے لیکر گاندھی اسٹیڈیم تک سیلاب زدہ علاقوں کو چھپانے کے لئے ایک کلو میٹر لمبا پردہ لگایا گیا ہے۔
آپ کو بتادیں کہ وزیر اعلیٰ رامپور کے گاندھی اسٹیڈیم میں عوامی جلسہ کو خطاب کریں گے۔ پولیس لائن میں ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے۔ امید جتائی جا رہی ہے کہ وزیر اعلی عوامی بہبود والے منصوبوں اور اسکیموں کے اعلانات کریں گے۔
بہرحال اب دیکھنا ہوگا کہ آسمان چھوتی مہنگائی اور بیروزگاری سے بدحال عوام کے لئے یوگی اپنے اس دورے میں کیا سوغات لیکر آتے ہیں۔