نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو کبھی ان بیٹیوں پر فخر تھا جنہوں نے ملک کا نام روشن کیا، لیکن آج وہ ان کی آواز نہیں سن رہے ہیں۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے اور وزیر صحت سوربھ بھردواج پارٹی کے کچھ ایم ایل اے اور کارکنوں کے ساتھ بدھ کو جنتر منتر پر دھرنا دینے والے کھلاڑیوں کی حمایت میں یہاں آئے۔ اس دوران رائے نے کہا کہ کبھی وزیر اعظم کو بھی ان کھلاڑیوں پر فخر تھا، لیکن آج وہ جنتر منتر پر بیٹھی بیٹیوں کی آوازیں نہیں سن پا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے پاس ان کی بات سننے یا ان کے مطالبات پر غور کرنے کا وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذات کے نام پر تقسیم کرنا درست نہیں۔ کھلاڑیوں کی ایک ہی ذات ہے اور وہ ہے کھلاڑی کی ذات۔ جب کھلاڑی قومی پرچم لے کر ملک سے باہر جاتے ہیں تو تمام ذاتوں کی دعائیں ان کے ساتھ رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کے مطالبات نہیں مانے گئے تو 7 مئی کو جنتر منتر پر 360 گاووں کی مہاپنچایت منعقد کی جائے گی۔
اے اے پی کے لیڈر سوربھ بھردواج نے کہا کہ جن لوگوں کی حفاظت میں بیٹیوں کو باہر کھیلنے کے لیے بھیجا گیا وہی ان پر غلط نظر رکھتے ہیں اور ان کا استحصال کرتے ہیں۔ جب بیٹیوں نے تمغہ جیتا تو کسی نے نہیں کہا کہ جاٹوں نے تمغہ جیتا، لیکن احتجاج کرنے والے کھلاڑیوں کو کہا جا رہا ہے کہ یہ جاٹوں کی تحریک ہے۔ بیٹیاں ہمارے گھر کی عزت ہیں لیکن آج یہاں خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک برج بھوشن شرن سنگھ کو جیل نہیں بھیجا جاتا یہ تحریک جاری رہے گی اور اس جدوجہد کی آواز کو ہر گھر تک پہنچانے کا کام کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Wrestlers Protest پہلوانوں سے ملنے پہنچی پی ٹی اوشا، لوگوں نے کیا احتجاج
یو این آئی