کوزی کوڈ: کیرلا کی ایک خاتون صحافی بی جے پی لیڈر اور فلم اسٹار سریش گوپی کے خلاف قانونی کاروائی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سریش گوپی نے ایک پریس میٹنگ کے دوران مبینہ طور پر غیر اخلاقی سلوک کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ جمعہ کی شام کوزی کوڈ میں پریس میٹنگ کے دوران سریش گوپی نے ایک خاتون صحافی کے ساتھ بدتمیزی کی۔
میٹنگ میں سریش گوپی نے سوال پوچھنے والی خاتون صحافی کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ خاتون صحافی وہاں سے ہٹ گئیں لیکن سریش گوپی نے پھر وہی بات دہرائی۔ خاتون صحافی نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے خلاف قانونی کاروائی کریں گی۔ ان کی میڈیا آرگنائزیشن نے یہ بھی کہا کہ وہ قانونی کاروائی سمیت مزید تمام اقدامات کی مکمل حمایت کریں گے۔
کے یو ڈبلیو جے نے معافی کا مطالبہ کیا
کیرالہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے جمعہ کو کوزی کوڈ میں ایک پریس میٹنگ کے دوران، خاتون صحافی کے ساتھ بدتمیزی کرنے کا الزام لگنے کے بعد اداکار سے سیاست دان بنے سریش گوپی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ ایک بیان میں کے یو ڈبلیو جے نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کا رویہ تمام کام کرنے والی خواتین کی توہین ہے۔
جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہاکہ 'میڈیا سے بات کرتے ہوئے صحافی کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر سریش گوپی کے خلاف ویمن کمیشن کے سامنے شکایت درج کروائی جائے گی۔ دیگر مناسب قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔ یہ قدم ایک ویڈیو کا منظر عام پر آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر گوپی کو صحافی کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یونین نے مزید کہاکہ 'ویڈیو سے واضح ہے کہ خاتون صحافی نے ایک سوال پوچھنے کے بعد مضبوطی سے اور بار بار اپنے کندھے سے ہاتھ ہٹایا جو اسے پسند نہیں آیا۔'