ریاست میں گزشتہ چار دنوں سے جاری بارش کے سبب مختلف اضلاع میں چار دنوں کے دوران بجلی کے جھٹکوں سے اب تک 10 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ مغربی بنگال میں گزشتہ 96 گھنٹوں سے زائد عرصے سے وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب عام لوگوں کو اب جانی ومالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مغربی بنگال: موسلادھار بارش، چار دنوں میں کرنٹ لگنے سے متعدد افراد ہلاک ریاست کے دارالحکومت کولکاتا اور اس کے اطراف کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش عام لوگوں کے لئے مصیبت بن کر ٹوٹ پڑی ہے۔ ریاست میں گزشتہ چار دنوں سے جاری بارش کے سبب مختلف اضلاع میں چار دنوں کے دوران بجلی کے جھٹکوں سے اب تک 10 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
بجلی کے جھٹکوں سے ہلاک ہونے والوں میں اضلاع میں شمالی 24 پرگنہ پہلے نمبر پر ہے. اس کے علاوہ ہوڑہ اور جنوبی 24 پرگنہ میں بھی حادثاتی موت کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق شمالی 24 پرگنہ کے کھردہ تھانے علاقے میں بارش کے پانی میں بجلی کے تار گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین لوگوں کی موت ہوگئی جن میں ایک عورت بھی شامل ہے۔
شمالی 24 پرگنہ کے مسلم اکثریتی علاقہ کمرہٹی کے آگرپاڑہ علاقے میں بارش کے جمع پانی میں گرے بجلی کے تار کی زد میں آکر مزید دو لوگوں کی موت ہوگئی جن میں ایک ضعیفہ بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شمالی دیناج پور میں بس نہر میں گری، چھ لوگوں کی موت
اس کے علاوہ جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی مدنی پور میں دو-دو، ہوڑہ اور ہگلی میں ایک- ایک گھر کے سامنے جمع پانی میں بجلی کے تار کی زد میں آنے سے لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
مغربی بنگال میں آج بھی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب سیالدہ اور ہوڑہ ڈویژن میں متعدد لوکل اور لمبی دوری کی ٹرینوں کو معطل کردیا گیا ہے۔