ریاست بہار کے ضلع گیا میں پنچایت انتخابات 2021 کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری ہے، ابھی تک دو بلاکس میں 30 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے، کچھ بوتھس پر ای وی ایم مشین اور بائیو میٹرک مشینوں کی خرابی کی بھی اطلاع ہے۔
بہار میں پنچایت انتخابات کی ووٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے، آج پہلے مرحلے کے لیے ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ضلع کے 24 بلاکس میں آج پہلے مرحلے کے تحت دو بلاکس بیلاگنج اور خضر سرائے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ Bihar Panchayat Election: پہلے مرحلے کی ووٹنگ جاری
صبح سات بجے کے بعد سے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ کچھ مقامات پر آپسی اختلافات کی وجہ سے ہلکی جھڑپیں ہوئیں ہیں تاہم پولیس کی موجودگی اور اعلیٰ حکام کی مستعدی کی وجہ سے حالات پرسکون ہیں جبکہ کچھ مقامات پر پولیس کو سختی بھی کرنی پڑی ہے۔ بیشتر بوتھس پر بائیو میٹرک مشینوں کی خرابی کے باعث بائیو میٹرک پر ووٹرز کا فوٹو اور انگوٹھے کا نشان نہیں لگ پارہا ہے جسکی وجہ سے ووٹروں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تمام بوتھس پر ووٹرز کی لمبی قطار لگی ہے، خاص طور پر اس مرتبہ مسلم اکثریتی علاقوں میں واقع بوتھس پر بھی کافی ہجوم ہے۔ بیلاگنج کے لودھی پور پنچایت کے پنچ محلہ گاؤں میں مسلم مرد و خواتین کی کافی بھیڑ تھی۔
بوتھ پر موجود ووٹرز نے کہا کہ وہ اس مرتبہ تمام عہدوں کے لیے کھڑے امیدواروں کے لئے ووٹ ڈالیں گے جو تعلیم یافتہ ہوں اور آپسی اتحاد اور گاوں کی ترقی کیلئے کوشاں رہے، انکے گاؤں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی نہیں ہے جو اس مرتبہ پوری ہونے کی توقع ہے۔