شمالی تریپورہ کے پانی ساگر کے چامتیلا علاقے میں قومی شاہراہ۔8 پر جوائنٹ مومنٹ کمیٹی (جے ایم سی) کے کارکنان اور سلامتی دستوں کے مابین ہوئی جھڑپ میں مزید ایک شہری کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر دو ہو گئی اور چھ پولیس اہلکاروں، آٹھ فائر برگیڈ اہلکاروں اور 18 شہریوں سمیت 32 دیگر زخمی ہو گئے۔
جھڑپ کے دوران متشدد مظاہرین نے خاکی وردی پہنے فائر بریگیڈ اہلکار وشوجیت دیو ورما کو پولیس اہلکار سمجھ کر اس کی بے رحمی سے پٹائی کر دی اور بعد میں مردہ سمجھ کر سڑک پر پھینک دیا۔ ہسپتال میں داخل کرانے کے بعد وشوجیت کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
تریپورہ حکومت نے پورے واقعہ کی مجسٹریٹ سے تفتیش کروانے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی اور زخمیوں کا مفت علاج کروایا جائے گا۔ ضلع انتظامیہ نے پانی ساگر اور کنچن پور کے علاقوں میں آئندہ حکم تک حکم امتناع نافذ کر دیا ہے۔
دوسری جانب سماجی فلاح و بہبود کے وزیر سنتن چکما اور اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر وشوبندھو سین اس تنازعہ کو حل کرنے کے لیے جے ایم سی کے رہنماؤں کے ساتھ اتوار کو بات چیت کریں گے۔
سڑک جام کے دوران تشدد اس وقت بھڑک اٹھا جب میزروم کے 6000 برو خاندانوں کی بازآبادکاری کے تریپورہ حکومت کے منصوبہ کے خلاف جے ایم سی کی جانب سے گذشتہ چھ دنوں سے چلائی جانے والی تحریک کا ایک حصہ ہے۔ جے ایم سی میں میزو اور بنگالی بھی شامل ہیں۔
شمالی تریپورہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے پیش نظر وزیر اعلیٰ وپلب کمار دیو اور نائب وزیر اعلیٰ جشنو دیو ورما کا پیر کے روز طے دہلی کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دونوں رہنما اب جے ایم سی کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کریں گے جو کنچن پور میں 6,000 برو خاندانوں کی بازآباد کاری کی ریاستی حکومت کے منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں۔