اتر پردیش کے بستی زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس آر کے بھاردواج نے کہا کہ یوم آزادی کے پیش نظر ہند-نیپال سرحد پر چوکسی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ بھاردواج نے جمعہ کو کہا کہ بستی علاقے کے سدھارتھ نگر ضلع سے متصل نیپال کی سرحد کی حفاظت بارڈر سیکورٹی فورس (ایس ایس بی) کر رہی ہے۔ انہوں نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع کی سرحد نیپال سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے کھلی سرحد کی وجہ سے سیکورٹی پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔Vigil Stepped Up Along India-Nepal Border
یوم آزادی کے پیش نظر سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور ہر آنے والے پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکار سرحد کے آس پاس کے علاقوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد سے متصل گاووں کا بھی ایس ایس بی اور پولیس کی مشترکہ ٹیم معائنہ کر رہی ہے۔ بارڈر سے گزرنے والی گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جارہی ہے اور رجسٹر پر ان کی نقل و حرکت کی وجہ درج کی جارہی ہے۔
بھاردواج نے کہا کہ سرحد پر سی سی ٹی وی کیمرے پوری طرح سے فعال ہیں۔ سرحدی گاؤں میں پولیس فورس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ تمام تھانہ انچارجوں اور چوکی انچارجوں کو اسمگلروں کے خلاف مہم چلا کر کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے والے افراد کے خلاف انسدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے لوگوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ غیر قانونی شراب کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
یو این آئی