علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و اسپتال کی طرح اے ایم یو کے اجمل خان طبیہ کالج و اسپتال میں بھی علی گڑھ اور آس پاس کے گاؤں و دیہاتوں سے خاصی تعداد میں لوگ علاج کے لئے آتے ہیں، جس کے مدنظر یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک نئے بلاک کی تعمیر کی۔ جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کیا۔
اجمل خان طبیہ کالج و اسپتال کے نئے بلاک میں پانچ او پی ڈی ہیں، جن میں پیڈیاٹرکس، آپتھاملوجی، ای این ٹی، سماجی طب اور علاج بالترتیب شامل ہیں جن کے چاروں طرف سرسبز ہربل گارڈن ہے۔
پروفیسر طارق منصور نے نئے بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ نیا انفرااسٹرکچر علاج کے معیار کو مزید بلند کرنے میں مددگار ہوگا اور طبیہ کالج و اسپتال کی ایک ضرورت کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے اجمل خان طبیہ کالج و اسپتال کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈاکٹر عاصم علی خان، ڈی جی، آر آر آئی یو ایم کے بھی شکر گزار ہیں کہ ان بلاک کو تقریباً پچپن دہائیوں کے انتظار کے بعد خالی کرنے کی ہماری درخواست قبول کی۔
افتتاحی تقریب کے دوران پروفیسر سعود علی خان (پرنسپل، اجمل خان طبیہ کالج و اسپتال) نے کہا کہ نئے بلاک میں ایک جدید سینٹرل لیب قائم کیا جارہا ہے جس میں مریضوں کی دیکھ بھال کی دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی جانچ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
مزید پڑھیں:۔ دواخانہ طبیہ کالج کی جانب سے مفت ادویات کی تقسیم
ڈین فیکلٹی آف یونانی میڈیسن (پروفیسر، ایف ایس شیرانی) نے کہا کہ نیا بلاگ اگلے تقریباً پچاس برسوں تک عمارت کی ضرورت کو پورا کرے گا۔ اس احاطے کو اجمل خان طبیہ کالج کے دائرے میں واپس لانے کی کوشش کے لئے ہم وائس چانسلر اور پرنسپل، طبیہ کالج کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے مختلف شعبہ کے سربراہان اور اجمل خان طبیہ کالج و اسپتال کے دیگر اہلکار موجود رہے۔