رائے پور: ریاست چھتیس گڑھ کے بیمتارا ضلع میں دو برادریوں کے درمیان تشدد نے سیاسی شکل اختیار کر لی۔ وی ایچ پی نے آج چھتیس گڑھ بند کی کال دی ہے۔ وی ایچ پی کے کارکنان پورے چھتیس گڑھ میں بند کروا رہے ہیں۔ وشو ہندو پریشد اور بی جے پی کے کارکنان کا بس ڈرائیوروں کے ساتھ اس وقت جھگڑا ہو گیا جب وہ رائے پور کے بھٹاگاؤں میں واقع بین ریاستی بس اسٹینڈ کو بند کروانے آئے تھے۔ اس دوران کارکنان نے ایک بس کی ونڈ شیلڈ توڑ دی۔ کشیدگی کی صورتحال دیکھ کر پولیس موقعے پر پہنچ گئی اور وہاں سے کارکنان کو بھگا دیا۔
بیمتارا کے کچھ تاجروں نے بھی چھتیس گڑھ بند کی حمایت کرتے ہوئے دکانیں اور بازار بند رکھے۔ وشو ہندو پریشد، بجرنگ دل اور بی جے پی کے کارکنان نے کچھ دکانیں بند کروائیں۔ بند کے پیش نظر بیران پور میں 800 جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ دیر رات سجا ریسٹ ہاؤس میں کلکٹر نے کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی اور امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
وہیں کانکیر میں بھی بیمتارا تشدد کے خلاف احتجاج میں شہر بند ہے۔ صبح سے ہی وی ایچ پی اور بی جے پی کے کارکنان سڑکوں پر نظر آئے۔ بند کی کال پر بعض تاجروں نے بھی صبح سے ہی اپنی دکانیں بند رکھیں۔ کارکنان نے صبح کے وقت بعض مقامات پر ٹھیلوں کو بھی بند کروا دیا۔ بی جے پی اور ہندو تنظیم کے کارکنان کا کہنا ہے کہ کانگریس حکومت کے دور میں انتشار کا ماحول ہے۔ اس قسم کے واقعات روز بروز منظر عام پر آرہے ہیں، ان کی تفتیش کے بعد مناسب کارروائی کی ضرورت ہے، تاکہ دوبارہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ سورج پور میں وی ایچ پی اور بی جے پی کے کارکنان نے بازار بند کروایا۔ علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Chhattisgarh Violence: چھتیس گڑھ میں فرقہ وارانہ تشدد، علاقہ میں دفعہ 144 نافذ
واضح رہے کہ گزشتہ روز چھتیس گڑھ کے بیمتارا ضلع کے ساجا اسمبلی حلقہ کے بیرن پور گاؤں میں کھیل کے دوران معمولی تنازع کے ساتھ تشدد شروع ہوا۔ کھیل کے دوران فریقین کے بچوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا۔ بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے اور جلد ہی جھگڑے نے تشدد کا رخ اختیار کر لیا۔ پتھربازی اور لاٹھی سے مار پیٹ میں ایک برادری کا نوجوان ہلاک ہوگیا۔ موقع پر پہنچی پولیس پر بھی پتھراؤ کیا گیا۔ گاؤں میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ 11 ملزمان گرفتار ہیں۔ گاؤں میں دو ہزار پولیس اہلکار تعینات ہین۔ درگ رینج کے آئی جی آنند چھابڑا نے بھی سجا میں موجود ہیں۔