اتراکھنڈ حکومت کے کابینی وزیر ہرک سنگھ راوت Harak Singh Rawat, Cabinet Minister, Government of Uttarakhand نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ سیکریٹریٹ میں کابینی وزرا کی میٹنگ جاری تھی اس دوران ہرک سنگھ راوت اجلاس چھوڑ کر چلے آئے۔ اس دوران ہرک سنگھ راوت کے حامیوں نے سکریٹریٹ میں ہنگامہ بھی کیا۔
ہم آپ کو بتادیں کہ ہرک سنگھ راوت اتراکھنڈ حکومت میں وزیر جنگلات اور ماحولیات، محنت، روزگار، ہنرمندی کی ترقی کی وزارت کا چارج سنبھال رہے تھے۔ ہرک سنگھ راوت کے علاوہ امیش شرما کے بھی استعفیٰ کی خبر سامنے آرہی ہے، حالانکہ امیش شرما نے استعفیٰ کی بات سے انکار کرتے ہوئے خود کو پارٹی کا سپاہی بتایا اور کہا کہ وہ پارٹی کے لیے کام کریں گے۔
امیش شرما کو کابینی وزیر ہرک سنگھ راوت کا قریبی بتایا جاتا ہے۔ دونوں رہنما سنہ 2016 میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ ساتھ ہی یہ چرچہ عام ہے کہ ہرک سنگھ راوت جلد ہی گھر واپسی کرسکتے ہیں۔ کانگریس ذرائع کے مطابق ہرک سنگھ راوت کانگریسی رہنما سے رابطے میں ہیں اور جلد ہی کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں۔
اس تعلق سے ہی بی جے پی کے ریاستی صدر مدن کوشک نے استعفیٰ کی خبروں کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے استعفیٰ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ نہ ہرک سنگھ راوت اور نہ ہی امیش شرما نے استعفیٰ دیا ہے۔ اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کی اندرونی کشمکش سامنے آنے لگی ہے۔