اتراکھنڈ کے ضلع اودھم سنگھ نگر کے نانک مٹہ تھانے میں واقع گاؤں بیدورا میں ایک 4 سالہ بچہ، جو صحن میں چارپائی پر سورہا تھا کو چیتا اپنی خوراک بنانے کی غرض سے اٹھا کر گنے کے کھیت میں لے گیا۔ تب ہی بچے کی ماں کے باہر آ کر دیکھنے پر جب اسے بچہ چارپائی پر نہیں دکھا تو اس نے شور مچایا۔ جس پر آس پاس کے گاؤں والوں نے اس کی تلاش شروع کردی۔
بچہ گنے کے کھیت کی دوسری جانب چیتے کے حملے سے بری طرح زخمی حالت میں پایا گیا، جسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
گزشتہ رات پیش آنے والے اس واقعہ کی وجہ سے گاؤں والوں میں خوف و ہراس کا ماحول بنا ہوا ہے جس کو دیکھتے ہوئے محکمۂ جنگلات کی ٹیم نے گاؤں میں گشت شروع کر دی ہے۔ پولیس بھی گاؤں پہنچی اور معاملے کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔
دوسری جانب جنگلات کے رینجر جتیندر دیمری نے بتایا کہ چیتے کے گاؤں میں ایک بچے پر حملہ کر ہلاک کر نے کی اطلاع کے بعد علاقے میں الرٹ جاری کرتے ہوئے چاروں طرف منادی کرادی گئی ہے تاکہ دیہاتی چیتے کی آمد پر چوکنا ہوجائیں۔