پیلی بھیت: اترپردیش کے پیلی بھیت ضلع میں دلت لڑکی کے ساتھ ہوئی مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری معاملہ میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس فعل کے ارتکاب کے بعد دونوں ملزمان نے اسے آگ لگا کر جان سے مارنے کی کوشش کی لیکن وہ شدید طور پر جھلس گئی اور متاثرہ کو تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مدھوتنڈہ تھانہ علاقہ کے تحت ایک گاؤں کی رہنے والی لڑکی کو 7 ستمبر کو شام 6 بجے کے قریب تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال لایا گیا تھا۔ وہ شدید جھلس گئی تھی۔ لڑکی کا دو نوجوانوں پر اجتماعی عصمت دری کرنے اور پھر اسے جلانے کا الزام لگانے کا ویڈیو 7 ستمبر کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔
مزید پڑھیں:۔ Rape Suspects Burned Alive in Jharkhand: جھارکھنڈ میں ریپ کے ملزموں کو زندہ جلا دیا گیا
ضلعی پولیس کے اعلیٰ افسران نے اسپتال پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس نے بتایا کہ دو ملزمین جن کی شناخت راجویر اور تاراچند کے طور پر ہوئی ہے اور دونوں ایک ہی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ متاثرہ کے والد کی شکایت کی بنیاد پر ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پیلی بھیت کے ایس پی دنیش پی نے کہا کہ متاثرہ کے والد کی شکایت کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور مقدمہ درج کر لیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لڑکی کے گھر والوں نے 10 ستمبر سے پہلے کوئی شکایت درج نہیں کرائی تھی۔