ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں قائم تاریخی صولت پبلک لائبریری Saulat Public Library کے نومنتخب صدر شوکت علی خان سمیت لائبریری سے وابستہ 4 افراد کا ایک برس کے دوران انتقال ہو گیا جس سے محبان لائبریری کافی غم زدہ ہیں۔ لائبریری کے اراکین کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کرکے شوکت علی خان ایڈووکیٹ، سین شین عالم، غفران فریدی اور سید افتخار طاہر کی خدمات کو یاد کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں:۔ Bar Association Rampur: صولت پبلک لائبریری کے صدر کے انتقال پر بار ایسوسی ایشن کی تعزیت
وہیں صولت پبلک لائبریری سے وابستہ حامد رضا خاں نے تعزیتی اجلاس میں مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔ تمام حاضرین نے رو رو کر اللہ سے دعائیں کی۔ لائبریری کی سرگرمیوں کو دوبارہ جاری رکھنے کے سوال پر حامد رضا خاں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملت اسلامیہ کافی سخت حالات سے گزر رہی ہے، اس لئے ضرورت ہے ہم اپنے اداروں کو انتشار کا شکار ہونے سے بچائیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں 22 نومبر کو صولت پبلک لائبریری کے نومنتخب صدر شوکت علی خان ایڈووکیٹ کا انتقال ہو گیا تھا جبکہ اسی سال اپریل میں لائبریری کے سابق صدر سین شین عالم اور دو اراکین مجلس مشاورت غفران فریدی اور سید افتخار طاہر کا بھی انتقال ہو گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ایک برس کے دوران لائبریری سے وابستہ ان چاروں افراد کے انتقال سے تمام محبان لائبریری کافی غم زدہ ہیں۔