اننت ناگ: کشمیر کی وادیوں میں بھاری برف باری کے باوجود سیاحوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ چلہ کلان کے ختم ہوتے ہی وادی کے درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وہیں سیاح وادی کشمیر کے مختلف خوبصورت سیاحتی مقامات کی سیر و تفریح میں مشغول ہیں۔ اس دوران سیاح برف کی سفید چادر سے ڈھکے در ودیوار اور چیل کے درختوں اور جنگلات کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
مشہور سیاحتی مقام پہلگام بھی ان دنوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ سیاح پہلگام کے حسین مقامات بیتاب وادی، چندن واڑی اور آڑو کی برف پوش وادیوں کے حُسن سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ سرمائی سیر و تفریح کے شوقین سیاح پہلگام میں تازہ برفباری کے مناظر کا لطف لے رہے ہیں۔ گزشتہ برس موسم گرما کے ساتھ ساتھ سردی کے موسم میں بھی پہلگام میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی ریکارڈ آمد ہوئی تھی۔
کشمیر کی برفباری اور سردی سے لطف اندوز ہو رہے سیاحوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 'سردیوں میں خاص کر برف کی سفید چادر میں لپٹے کشمیر کی وادیوں، مرغزاروں اور کوہساروں کا نظارہ واقعی قابل دید ہے۔' سیاحوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے دلفریب مناظر کے ساتھ ساتھ یہاں کے باشندے بھی کافی مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے برفباری کے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 'کشمیر واقعی جنت ہے۔ برفباری کے دوران کشمیر کے حسن اور اس تجربہ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ملک کے ہر ایک باشندہ کو کم از کم ایک بار کشمیر میں آکر یہاں کے حسن خاص کر برفباری سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں آنے کے بعد معلوم ہوا کہ کشمیر کئی گنا زیادہ خوبصورت ہے۔ وہ اپنی آنکھوں سے تازہ برف باری دیکھنے کی تمنا لے کر یہاں آئے تھے اور ان کی یہ خواہش پوری ہوگئی۔ کئی روز تک مسلسل سیرو تفریح کے بعد بھی ان کا من نہیں بھرا، اس لیے وہ دوبارہ یہاں آنے کی خواہش لے کر لوٹ رہے ہیں۔ سیاح یہاں کے عام لوگوں، ہوٹل مینجمنٹ کے حسن و سلوک اور مہمان نوازی سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہاں کے لوگ کافی قدردان ہیں، ہر جگہ پر ان کی خدمت کی گئی۔ انہوں نے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں آئیں اور وادی کشمیر کی خوبصورتی کا لطف اٹھائیں۔ سیاحوں کی مسلسل آمد پر سیاحت سے منسلک لوگ خاص کر ہوٹل مالکان کافی مطمئن نظر آرہے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ایک گھوڑے بان محمد ریاض احمد کا کہنا ہے کہ تین سال بعد اس سال پہلگام میں سیاحوں کی اچھی خاصی تعداد دیکھنے کو ملی ہے۔
دوسری جانب ہوٹل مالکان بھی کافی خوش نظر آرہے ہیں۔ ایک ہوٹل منیجر نے ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں سیاحوں کی یکایک اور غیر متوقع آمد سے ان کا کاروبار دوبارہ پٹری پر لوٹنے لگا ہے اور انہیں امید ہے کہ رواں برس بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے نے مزید کہا کہ مسلسل کئی برسوں تک بند رہنے اور لمبے عرصہ سے مرمت نہ ہونے کے سبب بیشتر ہوٹل خستہ حالی کا شکار ہوئے ہیں۔ جس سے ہوٹلوں کی شان پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں لہٰذا متعلقہ حکام سے پُر زور مطالبہ ہے کہ انہیں ہوٹلوں کی مرمت کرنے کی اجازت دی جائے۔