نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور اوم برلا نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور دونوں ایوانوں میں اراکین پارلیمان کے غیر مہذب رویے پر تشویش کا اظہار کیا۔
نائب صدر کی سیکرٹریٹ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'دونوں عہدیداروں نے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے دوران اراکین پارلیمان کے رویے کے حوالے سے ایک میٹنگ کی'۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ 'نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے آج لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی اور پارلیمنٹ کے حالیہ سیشن کے دوران پیش آئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا'۔
دونوں ایوانوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے کچھ اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے کارروائی میں خلل ڈالنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا موقف تھا کہ اس طرح کے غیر مہذب رویے کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیے اور مناسب کارروائی کی جانی چاہیے۔
مزید پڑھیں: مہاراشٹر: سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مدرسہ بنا مفت سپر مارکیٹ
پارلیمنٹ کا مانسون سیشن اپوزیشن کے خلل کی وجہ سے قبل از وقت ملتوی کردیا گیا۔ اس دوران راجیہ سبھا میں کچھ اراکین پارلیمنٹ اور اسسٹنٹ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی گئی ۔ وہیں اس دوران اپوزیشن نے کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ مار پیٹ کی ۔
یو این آئی