وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے دیہی اور دوردراز کے علاقوں میں صحت دیکھ بھال خدمت کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو کہاکہ نجی شعبہ کو اس میں کھلے دل سے تعاون کرنا چاہئے۔
مودی نے نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز۔ایمس کے ہریانہ میں ججھر کمپلکس میں نیشنل کینسرڈائگناسٹک سنٹر انفوسس فاؤنڈیشن وشرام سدن کا آن لائن افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ نجی شعبہ اور سماجی تنظیموں نے ملک کی صحت خدمات کو مضبوط کرنے میں اپنا تعاون دیا ہے۔
آیوشمان بھارت۔ وزیراعظم جن آرویگیہ یوجنا اس کی بہترین مثال ہے۔ اس یوجنا کے تحت سوا دو کروڑ سے زیادہ مریضوں کا مفت علاج ہوچکا ہے اور یہ علاج سرکاری کے ساتھ ہی پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی ہوا۔
آیوشمان یوجنا سے جو ملک کے ہزاروں اسپتالوں سے جڑے ہیں، ان میں سے تقریباً دس ہزار نجی شعبہ کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کینسر کی تقریباً 400دواوں کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک ایک مضبوط صحت دیکھ بھال نظام تیار کرنے کی سمت میں تیزی سے گامزن ہے۔ گاؤں گاؤں تک پھیلے ہیلتھ اینڈ ویلنیس سنٹر، ای سنجیونی کے ذریعہ ٹیلی میڈیسن کی سہولت، ہیلتھ سیکٹر میں ہیومن رسورسز ڈیولپمنٹ، نئے طبی اداروں کی تعمیر، ملک کے کونے کونے میں اس سے منسلک کام چل رہا ہے۔ یہ عزم یقیناً بہت بڑا ہے، لیکن اگر سماج اور حکوت کی مکمل طاقت لگے گی تو ہم اس ہدف کو بہت جلد حاصل کرسکیں گے۔
یو این ائی