راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ اور صحافی چندن مترا کے انتقال پر متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سابق رکن پارلیمنٹ اور سینئر صحافی چندن مترا کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم کا اظہار تعزیت
وزیر اعظم نریندر مودی مودی نے جمعرات کو ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ’’چندن مترا جی کو ان کی دانش مندی اور بصیرت کے لیے یاد کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا اور سیاسی شعبے میں اپنی الگ شناخت قائم کی۔ ان کے انتقال سے دکھی ہوں۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں کے تئیں میری تعزیت۔ اوم شانتی ‘‘۔
صدر جمہوریہ کا اظہار افسوس
وہیں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے سینئر صحافی چندن مترا کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔
کووند نے جمعرات کو ٹوئٹ کرکے کہا ’’ چندن مترا ایک بہترین صحافی تھے اور ایک ممبر پارلیمنٹ کے طور پر ان کی مدت کار نے ان کی صلاحیت میں اضافہ کیا‘‘۔
انہوں نے کہا ’’ہندی زبان کی ریاستوں اور ان کی تاریخ پر ان کی مضبوط گرفت تھی۔ ان کے انتقال سے ہندوستانی صحافتی دنیا میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔ ان کے کنبے اور دوستوں کے تئیں میری دلی تعزیت‘‘۔
انوراگ کا اظہار رنج
اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے بھی سابق رکن پارلیمنٹ اور سینئر صحافی چندن مترا کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔
ٹھاکر نے ٹویٹ کیا ، " مترا جی کے انتقال سے دکھی ہوں ۔ وہ انتہائی معزز ایڈیٹر تھے۔ جنہوں نے پائنیئر اخبار کی سربراہی کی اور رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ان کی وفات صحافت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
ای ٹی وی بھارت (اردو) کے ایڈیٹر خورشید وانی نے چندن مترا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی ایک بہتر انسان اور اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک ایڈیٹر اور دانشور تھے۔ وانی 18 سال تک مستر مترا کی ادارت میں شائع ہونے والے اخبار دی پائنیئر اور دیگر جریدوں کے ساتھ وابستہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی سیاست کے ساتھ ساتھ وہ بالی وڈ اور موسیقی پر بھی گہری نظر رکھتے تھے جبکہ انکے سفرنامے کافی دلچسپ ہوتے تھے۔
مزید پڑھیں:سابق راجیہ سبھا رکن اور صحافی چندن مشرا کا انتقال
تجربہ کار صحافی چندن مترا کا آج صبح 65 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ بی جے پی کی طرف سے دو بار راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ رہے۔ مسٹر مترا 'پائنیئر' اخبار کے چیف ایڈیٹر تھے۔
مختار عباس نقوی کا اظہار غم
اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے سابق رکن پارلیمنٹ اور سینئر صحافی چندن مترا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
نقوی نے ٹویٹ کیا اور کہا ، "سینئر صحافی ، معزز سماجی ، سیاسی شخصیت چندن مترا جی کے انتقال کی افسوسناک خبر سن کر دکھ پہنچا۔ خدا ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو اس بڑے نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت دے، خراج عقیدت ، اوم شانتی ۔‘‘
( ایجنسی تفصیلات کے ساتھ)