مدورائی: ریاست تمل ناڈو کے مدورائی کے اوانیہ پورم گاؤں میں آج (اتوار) سے جلی کٹو2023 کے مقابلے کا آغاز ہوگیا ہے۔اس سے قبل مدورائی کے ضلع انتظامیہ نے اسی مہینے ہونے والے جلی کٹو کے لیے گائیڈ لائنس جاری کی تھی اتوار کو صبح ہی اوانیہ پورم میں بیلوں کے ساتھ کھیلے جانے والے اس کھیل کو شروع کردیا گیا ہے۔ مدورائی کے ضلع کلکٹر انیش شیکھر نے بتایا کہ اوانیہ پورم میں ہم نے جلی کٹو کے لیے تمام تر تیاریاں کی ہیں، کھلاڑیوں کے ساتھ ہی جانوروں کی حفاظت کے لیے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شائقین بھی محفوظ رہیں اس لیے جہاں بیلوں کے ساتھ کھیل کھیلا جاتا ہے وہاں 3 سطح کی بیریکیڈنگ لگائی گئی ہے۔ ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ ہم سپریم کورٹ(ایس سی) کے ساتھ ساتھ تمل ناڈو حکومت کے تمام قوانین پر عمل کریں گے، اوانیہ پورم میں ہائی کورٹ کا حکم ہے کہ صرف 25 کھیلاڑی ہی(ایک وقت میں) کھیلیں گے۔ ہم 300 سے لے کر 800 سے زیادہ کھلاڑیوں کو اس میں شرکت کرنے کی امید کررہے ہیں۔
پونگل تہوار کے دوران خاص طور پر تمل ناڈو میں مویشیوں کی پوجا کی جاتی ہے، جس میں جلی کٹو کے نام سے ایک تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ جلی کٹو کھیل میں ایک بیل کو بھیڑ کے درمیان چھوڑ دیا جاتا ہے اس کھیل میں وہاں موجود کھلاڑی بیل کو پکڑ کر قابو کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ قبل ازیں ضلع انتظامیہ نے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے رہنما خطوط جاری کیے تھے۔ گائیڈ لائن کے مطابق بیلوں کو کنٹرول کرنے والوں کو دو ڈوز کے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ اپنی تصویر ضلع کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنی ہوگی۔ کووڈ منفی سرٹیفکیٹ جلی کٹو تقریب سے دو دن پہلے پیش کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ جلی کٹو میں بیل لانے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری ویب سائٹ پر رجسٹری کریں۔ بیل کے ساتھ مالک اور اس کے معاون سمیت دو افراد جا سکتے ہیں۔ انہیں ڈبل ڈوز سرٹیفکیٹ اور کوویڈ منفی سرٹیفکیٹ لانے کو بھی کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جلی کٹو: بیل کی آخری رسومات میں دو ہزار افراد شامل