کیلیفورنیا: بھارت کے مقبول گلوکار سدھو موسی والا کے قتل کے مرکزی ملزم گولڈی برار کو امریکہ کے کیلیفورنیا میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ اطلاع جمعہ کو مختلف میڈیا رپورٹس میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام کو مبینہ طور پر بین الاقوامی ذرائع سے اہم اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس کے بعد انٹرپول کا ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا گیا، جس کے تحت بیرون ملک مفرور کی گرفتاری اور حراست کی اجازت ملتی ہے۔ گینگسٹر کو 20 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اس واقعہ کے حوالے سے کیلیفورنیا حکومت کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔Sidhu Moose Wala Murder Case
برار نے لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے موسی والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تب سے پنجاب پولیس ان کی بھارت حوالگی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پنجاب کے سری مکتسر صاحب کا رہنے والا برار 2017 میں اسٹوڈنٹ ویزا پر کینیڈا گیا تھا۔ اس سال مئی میں وہ موسی والا کے قتل کے بعد امریکہ فرار ہو گیا تھا، جہاں مبینہ طور پر اس کا سراغ لگانے سے بچنے کے لیے جگہیں بدل رہا تھا۔
پولیس نے کہا کہ برار گزشتہ ماہ ڈیرہ سچا سودا کے پیروکار کے قتل کا بھی ایک اہم سازشی تھا۔جمعرات کو موسی والا کے والد بلکور سنگھ نے برار کے بارے میں کسی بھی قسم کی اطلاعات دینے والے کو 2 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ امرتسر شہر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ اگر حکومت زیادہ رقم دینے سے قاصر ہے تو وہ اپنی جیب سے انعام دینے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ موسی والا کو 29 مئی کو پنجاب کے مانسا ضلع کے گاؤں جواہرکے میں ان کے گھر کے قریب قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کا قتل پنجاب حکومت کی جانب سے موسی والا سمیت 424 افراد کی سیکیورٹی واپس لینے کے ایک دن بعد ہوا۔ پولیس نے قتل کے سلسلے میں اب تک 23 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے ساتھ مقابلے کے دوران دو شوٹر بھی مارے گئے۔ اس معاملے میں کل 35 لوگ ملزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Sidhu Moose Wala murder case سدھو موسے والا قتل کیس کے تین ملزمان نیپال سے گرفتار
یو این آئی