مدھیہ پردیش کے جبلپور پہنچے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند آج دموہ پہنچیں گے۔ رام ناتھ کووند اپنے دورے کے دوسرے دن اتوار کی صبح 9.30 بجے ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دموہ ضلع کے جلہری گاؤں واقع ہیلی پیڈ کے لئے روانہ ہوں گے۔ صدر کووند جلہری سے کار کے ذریعہ سنگرام پور جائیں گے اور وہاں سے سنگور گڑھ قلعہ جائیں گے، جہاں وہ قبائلی پروگرام میں شامل ہوں گے۔ اسی دوران صدر سنگور گڑھ قلعے کے تحفظاتی کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
کئی اہم شخصیات ہوں گے موجود
اس پروگرام کی صدارت گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کریں گے۔ مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ثقافت اور سیاحت پرہلاد سنگھ پٹیل، مرکزی وزیر مملکت اسٹیل فگگن سنگھ کلستے، قبائلی امور کے وزیر مینا سنگھ مانڈوے اور شہری ترقی اور رہائشی وزیر بھوپندر سنگھ مہمان خصوصی کے طور پر پروگرام میں شریک ہوں گے۔
صدر سنگور گڑھ قلعہ جائیں گے
دموہ پہنچنے کے بعد صدر کووند سنگور گڑھ قلعہ جائیں گے اور رانی درگاوتی کے مجسمے پر گلپوشی کر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ صدر سنگرامپور میں ہی قبائلی جلسے میں شرکت کریں گے، ساتھ ہی سنگور گڑھ قلعے کی تزئین و آرائش اور 26 کروڑ کی لاگت سے جاری ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ پروگرام وزارت ثقافت، حکومت ہند اور محکمہ قبائلی امور، مدھیہ پردیش کے ذریعہ مشترکہ طور پر منعقد کیا جارہا ہے۔
صدر طالبہ کو اعزاز سے نوازیں گے
صدر رام ناتھ کووند سنگرامپور میں منعقدہ ایک پروگرام میں طالبہ سریکا ٹھاکر کو ایوارڈ دیں گے۔ حکومت کی میرٹائز اسکیم کے تحت ثانوی تعلیمی بورڈ کے کلاس 12 کے امتحان میں ریاضی کے مضمون میں 94.2 نمبر حاصل کرنے پر ریاستی سطح کی سلیکشن کمیٹی کی منظوری کے بعد سریکا ٹھاکر کا انتخاب کیا گیا۔ صدر رام ناتھ کووند 51 ہزار روپے کی رقم سے بچی کو اعزاز دیں گے۔
صدر کووند کا آج کا شیڈول
- آج صبح تقریباً ساڑھے نو بجے رام ناتھ کووند دموہ کے لئے روانہ ہوں گے۔
- وہ صبح ساڑھے دس بجے دموہ پہنچیں گے۔
- صبح 11.10 بجے وہ سنگرامپور میں رانی درگاوتی کے مجسمہ مقام پر پہنچیں گے۔
- 11:25 پر وہ قبائلی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
- دوپہر ڈھائی بجے وہ ہیلی پیڈ کے لئے روانہ ہوں گے۔
- دوپہر 2:40 بجے وہ ہیلی پیڈ سے جبل پور کے لئے روانہ ہوں گے۔
- وہ سہ پہر 3.20 بجے ڈومنا ایئرپورٹ پہنچیں گے۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ کا شیڈول
7 مارچ بروز اتوار صدر رام ناتھ کووند کے دموہ دورہ کے دوران وزیر اعلیٰ صبح 9 بجکر 30 منٹ پر ڈومنا ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ضلع دموہ کے گاؤں جلہری کے لئے روانہ ہوں گے اور مقامی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ صبح 11.30 بجے وہ ضلع دموہ کے گاؤں سنگرامپور میں ریاستی سطح کے قبائلی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
اس موقع پر صدررام ناتھ کووند سنگور گڑھ قلعہ کے تحفظ کے کام کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان دوپہر 2.40 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ گاؤں جلہری دموہ پہنچیں گے اور سہ پہر 3.20 بجے ڈمنا ایئرپورٹ پہنچیں گے۔