رامپور: رامپور صدر اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایس پی امیدوار عاصم راجا کی حمایت میں منعقد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ'ایس پی کے لوگ قانون اور آئین کی پاسداری کرتے ہیں اور آئین کے مطابق اپنے حق کی لڑائی لڑرہے ہیں۔ اس وقت جو لوگ اقتدار میں ہیں وہ قانون و آئین کے مطابق نہیں چلتے۔ وہ نہ تو قانون پر عمل کررہے ہیں اور نہ ہی آئین پر۔ Akhilesh Yadav Slams Yogi Government Over Azam Khan Cases
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں جو بھی رسک لینا پڑے وہ لیں اور بی جے پی کو اپنی ووٹ کی طاقت کے ذریعہ اقتدار سے اکھاڑ پھینکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جنہیں پنجایت الیکشن میں عوام نے سبق سکھایا تھا، انہوں نے دھوکہ کے ذریعہ سیٹ حاصل کرلی۔ عوام سے ایس پی کی جیت کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ سال 2024 میں تبدیلی آئے گی اور اس کے بعد بی جے پی حکومت اترپردیش میں نہیں بچ سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: Azam Khan On BJP یہودیوں پر ہٹلر نے بھی اتنا ظلم نہیں کیا تھا، اعظم خان
انہوں نے کہا کہ رامپور کا ضمنی الیکشن صرف ایک سیٹ کا الیکشن نہیں ہے۔ یہ الیکشن بی جے پی حکومت کی چولیں ہلانے کا ہے۔ انہوں نے انتباہی انداز میں کہا کہ جو لوگ آج اقتدار میں اور عوام کے ساتھ ناانصافیاں کررہے ہیں۔ انہیں ہمیں اس بات پر مجبور نہیں کرنا چاہئے کہ جب ہم اقتدار میں واپس لوٹیں تو وہی کام کریں جوآج یہ کررہے ہیں۔ اکھلیش نے کہا کہ جب میں ریاست کا وزیر اعلی تھا تو موجود وزیر اعلی کی فائل میرے سامنے آئی تھی لیکن میں نے واپس کردیا۔ ہم سماجی لوگ اس طرح کی سیاست نہیں کرتے، جس طرح کی یہ لوگ کر رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت ہر سطح پر ناانصافیاں اور مظالم ڈھا رہی ہے۔ لکھیم پوری کھیری میں بی جے پی لیڈر اور کارکنان کی گاڑیوں کے نیچے کسانوں کو کچل دیا گیا۔
یواین آئی