پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے منگل کو کپواڑہ کے قلمونہ رامحال جاکر ارشد احمد میر کے خاندان کے ساتھ تعزیت کی، جن کو سرینگر کے خانیار میں بندوق بردار نے نزدیک سے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ لون نے ارشد احمد کے خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو بے رحمانہ اور غیر انسانی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تشدد سے کوئی مسئلہ ختم ہونے والا نہیں ہے بلکہ تشدد سے ہزاروں خاندانوں کو زک پہنچا ہے۔
لون نے کہا کہ کشمیر میں تشدد کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے ہمیشہ تکلیف اور غم کا ماحول رہا ہے۔ پی سی صدر نے تشدد کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کشمیر اپنی خوشحالی کی راہ ہموار کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم واضح طور پر تشدد کی مذمت کریں اور اس طرح کے گھناؤنے کاموں کو اجتماعی طور پر مسترد کیا جانا چاہیے۔
لون نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعا کی اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دیں۔ لون کے ہمراہ پی سی کے سینئر لیڈر فیاض احمد میر، ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار، یاسر ریشی، عرفان پنڈتپوری، حاجی فاروق، سلیمان میر سمیت دیگر ورکران موجود تھے۔