پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل نے سماج وادی پارٹی کے بانی، اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی موت کی خبر سنتے ہی راشٹریہ جنتا دل کے ریاستی دفتر کا جھنڈا سرنگوں کر دیا گیا۔ ملائم سنگھ کے انتقال پر آر جے ڈی کے دفتر میں ایک تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔ Mulayam Singh Yadav Death
تعزیتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آر جے ڈی کے ریاستی جنرل سکریٹری ارون کمار نے کہا کہ آنجہانی ملائم سنگھ کے انتقال سے ایک دور کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ وہ سماجی انصاف کے لئے لڑنے والے ، غریبوں کے مسیحا اور اتر پردیش کے مضبوط لیڈر تھے۔ ان کی موت سے ہندوستانی سیاست میں پیدا ہونے والا خلا پُر نہیں کیا جا سکتا۔ تعزیتی اجلاس میں ان کی تصویر پر گلپوشی کر خراج عقیدت پیش کیا گیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ RJD Pays Tribute to Mulayam Singh Yadav
تعزیتی تقریب میں ان کی تصویر پر گلپوشی کر خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں آر جے ڈی کے ریاستی جنرل سکریٹری ڈاکٹر کمار راہل سنگھ، اقبال احمد، یوتھ لیڈر منوج یادو، منیش کمار، جیت کیشور ٹھاکر، لال دیو یادو، چندر پرکاش، آشو کمار، جوگیندر پرساد، شنکر کمارسمیت دیگر شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Mulayam Singh Yadav Death ملائم سنگھ کی لاش سیفائی پہنچی، سی ایم یوگی کا خراج عقیدت
واضح رہے کہ سماج وادی سرپرست اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کا پیر کے روز انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 82 برس تھی۔ انہوں نے آج صبح 8:15 پر آخری سانس لی۔ ملائم سنگھ یادو کو کچھ دن پہلے پیشاب میں انفیکشن، بلڈ پریشر اور سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے میدانتا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بتا دیں کہ اکھلیش یادو نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سب کے ہر دل عزیز اور عوامی رہنما ملائم سنگھ یادو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔