بھارت کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور آئرن لیڈی اندرا گاندھی (Indra Gandhi) کی آج 104ویں یوم پیدائش ہے۔
اندرا گاندھی کی پیدائش 19 نومبر 1917 کو اتر پردیش کے شہر الہ آباد میں ہوئی، اندرا گاندھی بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی بیٹی تھیں۔
اندرا گاندھی کا اصلی نام اندرا پریا درشن نہرو تھا، انہوں نے سوئٹزرلینڈ، سمر ویل کالج آکسفورڈ اور بعد میں وشوا بھارتی شانتی نکیتن میں تعلیم حاصل کی۔
گیارہ برس کی عمر میں انہوں نے سیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔ اندرا گاندھی انگلستان میں قیام کے دوران اور بعد ازاں بھارت واپس آ کر بھی طلبا تحریکوں میں سرگرم رہیں۔
تحریک آزادی میں حصہ لینے کی پاداش میں تیرہ ماہ تک وہ جیل میں بھی رہیں۔ اندرا گاندھی کی سنہ 1942 میں ایک پارسی نوجوان فیروز گاندھی سے شادی ہوئی۔
اُسی زمانے میں 'بھارت چھوڑو تحریک' زور پکڑ رہی تھی جس میں حصہ لینے پر وہ اور ان کے شوہر کو گرفتار کیا گیا۔
سنہ 1947 میں آل انڈیا کانگریس ورکنگ کمیٹی کی رکن منتخب ہوئیں۔ اس کے بعد میں کانگرس کے شعبۂ خواتین کی صدر، مرکزی انتخابی کمیٹی اور مرکزی پارلیمانی بورڈ کی رکن بنیں۔ فروری 1959 میں انڈین نیشنل کانگریس کی صدر منتخب کی گئیں۔ سنہ 66۔ 1964 میں وزیر اطلاعات و نشریات منتخب ہوئیں۔
سنہ 1966 میں لال بہادر شاستری کے انتقال کے بعد وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ اندرا گاندھی کے متعدد کام ناقابل فراموش ہیں جس کے لیے انہیں کئی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ سنہ 1972میں انہیں بھارت رتن سے نوازا گیا۔
سنہ 1972میں بنگلہ دیش کی آزادی کے لیے میکسیکن اکیڈمی ایوارڈ، ایف اے او کا دوسرا سالانہ تمغہ ملا۔ سنہ 1976میں ناگری پرچارنی سبھا کے ذریعہ ساہتیہ واچسپتی (ہندی) ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سنہ 1953 میں یو ایس اے (روس) میں اندرا گاندھی کو مدر ایوارڈ ملا۔ سفارتکاری کے میدان میں شاندار کارکردگی کے لیے اٹلی نے ازابیلا ڈی ایسٹے ایوارڈ اور ییل یونیورسٹی نے ہاؤلینڈ میموریل ایوارڈ سے نوازا۔
رائے عامہ کے فرانسیسی ادارے کے ایک جائزے کے مطابق وہ 1967اور 1968میں فرانس کی بہت ہی مقبول عام شخصیت تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:
سنہ 1971 میں یو ایس اے کے ایک خاص گیلپ رائے شماری جائزے کے مطابق اندرا گاندھی دنیا کی سب سے مقبول عام شخصیت تھیں۔جانوروں کے تحفظ کے لیے 1971 میں ارجنٹینا سوسائٹی کے ذریعہ انہیں اعزازی ڈگری دی گئی۔
اندرا گاندھی کی مشہور اشاعتوں میں 'دی ایئرز آف چیلینج' (69۔1966)، 'دی ایئرز آف اینڈیور' (72 - 1969)، 'انڈیا' (لندن)1975، 'اِنڈے' (لوسین) اور تصانیف و تقاریر کے مختلف مجموعے شامل ہیں۔
انہوں نے وسیع پیمانے پر بھارت اور دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کیا۔اندرا گاندھی نے پڑوسی ممالک افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، میانمار، چین، نیپال اور سری لنکا کا دورہ کیا۔
اس کے علاوہ فرانس، عوامی جمہوریہ جرمن، وفاقی جمہوریہ جرمن، گیانا، ہنگری، ایران، عراق اور اٹلی جیسے ممالک کا بھی سرکاری دورہ کیا۔
گاندھی نے الجیریا، ارجنٹینا، آسٹریلیا، آسٹریا، بیلجیم، برازیل، بلغاریہ، کینیڈا، چلی، چیکوسلوواکیہ، بولیوا اور مصر جیسے بہت سے ممالک کا دورہ کیا۔
انہوں نے بہت سے یورپی، امریکی اور ایشیائی ممالک کا دورہ کیا جن میں انڈونیشیا، جاپان، جمائیکا، کینیا، ملیشیا، ماریشس، میکسیکو، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، نائیجیریا، عمان، پولینڈ، رومانیہ، سنگاپور، سوئیٹزرلینڈ، شام، سویڈن، تنزانیہ، تھائی لینڈ، ترینیداد اینڈ ٹوبیگو، یو اے ای، برطانیہ، یو ایس اے، یو ایس ایس آر، یوراگوئے، وینیزویلا، یوگوسلاویہ، زامبیا اور زمبابوے جیسے ممالک شامل ہیں۔
پنجاب میں گولڈن ٹیمپل میں فوجی آپریشن کے بعد 31 اکتوبر 1984 کو ان کے محافظ نے انہیں گولی مار دی تھی جس کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔