بھارت میں کورونا نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ ہر کوئی آکسیجن کے لیے در در بھٹک رہا ہے۔ آکسیجن کی کمی کے سبب اموات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو دل و جان سے مدد کررہے ہیں۔ بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے کورونا وبا کے بحران کے دوران راجدھانی دہلی کے لوگوں کی مدد کے لئے 300 آکسیجن سلنڈرس گفٹ کیے ہیں۔
انہوں نے اپنے رودر فاؤنڈیشن کی طرف سے’آکسیجن سیوا آن دی وہیل ممبئی ٹو دہلی“ کے ذریعہ شروعات کی ہے۔ جس کے ذریعے وہ ممبئی سے دہلی آکسیجن سلنڈر بھیج رہی ہیں۔ روینہ نے بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر کے مابین دہلی میں آکسیجن کی کمی نے انہیں آزردہ اور انتہائی رنجیدگی کے عالم میں مبتلا کردیا تھا، لہٰذا انھوں نے ذاتی طور پر وہاں سلنڈر بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
روینہ ٹنڈن نے کہا کہ ”میں نے دہلی کے لئے تقریباً 300 سلنڈر ارسال کر دیئے ہیں اور مزید سلنڈروں کے لئے فنڈ جمع کرنے کا کام زوروں پر ہے۔ مدد دینے والے ہمارے دوست بھی ہوسکتے ہیں اور کوئی بھی جن کے پاس ضرورت سے زیادہ پیسہ ہو۔ ہم لوگوں پر دباؤ نہیں بنارہے ہیں۔ عام لوگ آرہے ہیں اور ڈونیٹ کررہے ہیں۔ اس وقت ایمرجنسی کے لئے بچت کی ضرورت ہے جس کا کسی کو بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ لیکن، ہاں ہم ان لوگوں کے پاس جارہے ہیں جو تبدیلی لاسکتے ہیں، ہم ان سے مدد کے لئے کہہ رہے ہیں۔
یو این آئی