نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں نے اڈانی گروپ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے بدھ کو بھی راجیہ سبھا میں ہنگامہ جاری رکھا ، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دو بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی اور پھر 3 اپریل تک ملتوی گئی۔ صبح کے التوا کے بعد جیسے ہی 2 بجے چیرمین جگدیپ دھنکھڑ نے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع کی تو اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی۔
چیئرمین نے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر بھوپیندر یادو سے کہا کہ وہ جنگلات (کنزرویشن) ترمیمی بل سے متعلق تحریک پیش کریں۔ یادو نے ہنگامہ آرائی کے درمیان کہا کہ لوک سبھا نے فاریسٹ (کنزرویشن) ترمیمی بل 2023 کو جامع بحث کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹی کو بھیجنے کی قرارداد منظور کی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اس بل کو مشترکہ کمیٹی اور اس میں شامل اراکین کو بھیجنے سے متعلق ایک تجویز پیش کی جسے ہنگامہ آرائی کے درمیان صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔اس کے بعد چیئرمین نے ایوان میں بدنظمی کی صورتحال کے پیش نظر کارروائی پیر یعنی 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔ جمعرات کو ایوان میں رام نومی کی چھٹی ہوگی اور بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں اتفاق رائے کے مطابق جمعہ کو بھی ایوان میں چھٹی ہوگی۔
صبح جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی، کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے ارکان چیرمین کی نشست گاہ کے سامنے آئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ ترنمول کانگریس کے ارکان سیاہ پٹیاں باندھ کر آئے تھے۔ ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے چیرمین نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔خیال رہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ شروع ہوتے ہی حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی نے ڈیڈ لاک کی شکل اختیار کر لی جس کے باعث ایوان کی کارروائی ایک دن بھی احسن طریقے سے نہ چل سکی۔ گزشتہ دو ہفتے جہاں حکمراں پارٹی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو بیرون ملک ملک کے بارے میں مبینہ قابل اعتراض بیان دینے پر نشانہ بنایا، وہیں اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان اڈانی گروپ سے متعلق معاملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے مطالبہ پر اٹل ہیں۔ اس تعطل کی وجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی میں مسلسل خلل پڑا ہے اور ایک دن کے لیے بھی اچھی طرح سے نہیں چل سکا۔
یو این آئی