مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے نئی ہٹی میں واقع بنکم چندر فٹبال اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پیرلیس ایس سی اور ریلوے ایف سی کی ٹیمیں کلکتہ فٹبال لیگ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے ایک اہم میچ میں آمنے سامنے ہوئیں۔
پیرلیس ایس سی کے خلاف ریلوے ایف سی کی ٹیم نے غیر متوقع انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور جلد ہی میچ پر پوری طرح سے اپنی گرفت مضبوط بنالی۔
کھیل کے 16 ویں منٹ پر اچنتا گھوش نے گول کرکے ریلوے ایف سی کو ایک صفر کی سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا۔
دفاعی چیمپئن پیرلیس ایس سی نے میچ میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کی لیکن پہلے ہاف کے انجوری ٹائم 45+1 ویں منٹ پر انتھونی سورین نے گول کرکے ریلوے ایف سی کو 0-2 کی سبقت دلا دی۔
دوسرے ہاف میں بھی دفاعی چیمپئن پیرلیس ایس سی میچ میں واپس آنے کے لئے جدوجہد کرتی نظر آئی۔ کھیل کے 59ویں منٹ پر الوسن ڈیکسن اور انشومان کروہما کو ریڈ کارڈ دیکھ کر میدان سے باہر جانا پڑا، جس کے سبب پیرلیس ایس سی کو نو کھلاڑیوں کے ساتھ حریف ٹیم سے پنجہ آزمائی کرنی پڑی۔
یہ بھی پڑھیں:
کلکتہ فٹبال لیگ 2021: یونائٹیڈ ایس سی سیمی فائنل میں
ریلوے ایف سی نے حریف ٹیم پیرلیس ایس سی کے دو کھلاڑیوں کے کم ہونے کا بھر پور فائدہ اٹھایا اور کھیل کے 89 ویں منٹ پر سکھ رام سرکار اور کھیل کے ایکسٹرا ٹائم کے 90+8 ویں منٹ پر سریش لہری کے ایک ایک گول کی بدولت 0-4 کی سبقت حاصل کر لی۔
ریلوے ایف سی دفاعی چیمپئن پیرلیس ایس سی کو 0-4 سے شکست دے کر کلکتہ فٹبال لیگ 2021 کے سیمی فائنل میں شاہانہ انداز میں داخل ہو گیا۔
بدھ کے روز محمڈن اسپورٹنگ اور ٹالی گنج اگرامی کے درمیان سالٹ لیک اسٹیڈیم میں اہم میچ کھیلا جائے گا۔ محمڈن اسپورٹنگ کی کوشش ہو گی کہ کل کا میچ جیت کر کلکتہ فٹبال لیگ 2021 کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کرے۔