نئی دہلی: دہلی میں کارپوریشن کے انتخابات کا اعلان کیا جا چکا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں زور آزمائی کرنے میں مصروف ہیں۔ تمام امیدوار ووٹرز کو اپنی طرف مائل کرنے کے لئے مہم چلا رہے ہیں۔ وہیں عام آدمی پارٹی کا گڑھ تصور کئے جانے والے مسلم اکثریتی وارڈ ابوالفضل شاہین باغ میں کانگریس کا دبدبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت نے ابوالفضل کے آئی بلاک میں لوگوں کے ایم سی ڈی الیکشن پر تاثرات لینے کی کوشش کی، جس میں اکثر لوگوں نے عام آدمی پارٹی کے کاؤنسلر واجد خان کے کام کاج سے ناخوش نظر آئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی نے مسلمانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ مقامی کونسلر عام آدمی پارٹی اور رکن اسمبلی بھی عام آدمی پارٹی کے رہنے کے باوجود علاقے میں کوئی کام نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے نام پر سڑکیں سالوں سے کھود کر چھوڑ دی گئیں اور پورے مسلم علاقے میں کوڑے کا ڈھیر لگا دیا گیا، اس لئے اس مرتبہ عام آدمی پارٹی کے بجائے کانگریس کو ووٹ دینے کا من بنا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ وارڈ نمبر 188 سے عام آدمی پارٹی سے واجد خان، کانگریس سے اریبا آصف، ایم ائی ایم سے عارف سیفی اور سماج وادی پارٹی سے آشو خان امیدوار ہیں لیکن اصل مقابلہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کی ووٹنگ 4 دسمبر کو ہوگی جبکہ گنتی 7 تاریخ کو ہوگی۔