نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) پر پہلوانوں کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پرینکا نے جمعرات کو ٹویٹ کیا، "ہمارے کھلاڑی ملک کی شان ہیں۔ وہ عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں ریسلنگ فیڈریشن اور اس کے صدر پر کھلاڑیوں کے سنگین استحصال کا الزام ہے۔ ان کھلاڑیوں کی آواز سنی جانی چاہئے۔ الزامات کی تحقیقات کر کے مناسب کارروائی کی جائے۔
اس سے قبل بجرنگ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا، 'ریسلنگ فیڈریشن کے صدر ہمارے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں۔ ان کا رویہ آمرانہ ہے۔ دراصل ریسلنگ فیڈریشن میں بیٹھے کچھ لوگوں کو اس کھیل کا کوئی علم نہیں ہے۔ پہلوان اس آمریت کو برداشت کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، "فیڈریشن کا کام کھلاڑیوں کا ساتھ دینا، ان کی کھیلوں کی ضروریات کا خیال رکھنا ہوتا ہے۔ اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے حل کرنا ہوگا۔ لیکن کیا کیا جائے اگر فیڈریشن ہی مسئلہ کھڑا کر دے ۔ اب ہمیں لڑنا ہے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ملک کے لیے تمغے حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں لیکن فیڈریشن نے ہمیں مایوس کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ من مانے قوانین مسلط کر کے کھلاڑیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
بجرنگ نے کہا، 'ہم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد سے کسی سے رابطہ نہیں کیا ۔ برج بھوشن نے اولمپکس کے بعد مجھ سے بات کرنے سے انکار کر دیا۔ ہم فیڈریشن میں تبدیلی چاہتے ہیں۔' یہ بات قابل ذکر ہے کہ انڈین ریسلنگ فیڈریشن نے تمام پہلوانوں کے لیے ٹرائلز میں اپنی موجودگی درج کرانا لازمی قرار دے دیا ہے جب کہ پہلوانوں نے اس اعلان کو تغلقی قرار دیتے ہوئے مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے بعد ٹرائلز کا کوئی جواز نہیں ہے۔
دوسری جانب ان الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے اگلے 72 گھنٹوں میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) سے وضاحت طلب کی ہے۔
وزارت نے بدھ کو ایک ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا، 'پہلوانوں کے احتجاج اور پریس کانفرنس میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر اور کوچوں پر خواتین پہلوانوں کی جنسی ہراسانی اور فیڈریشن کے کام کاج میں بدانتظامی کے الزامات پر وزارت کھیل نے ڈبلیو ایف آئی سے وضاحت طلب کی ہے، اور اسے اگلے 72 گھنٹوں کے اندر لگائے گئے الزامات کا جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ ہے کہ ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا سمیت کئی پہلوانوں نے بدھ کو جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ اور کوچوں پرجنسی ہراسانی سمیت کئی سنگین الزامات لگائے۔ پہلوانوں نے دوسرے روز بھی دھرنا مظاہرہ کیا۔ وہ مسٹر سنگھ کے استعفیٰ اور الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
یو این آئی