احمد آباد: وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا با کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں احمد آباد کے یو این مہتا ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہسپتال نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت مستحکم ہے۔ اس درمیان وزیراعظم احمد آباد پہچ گئے ہیں جبکہ گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور وزیر صحت رشی کیش پٹیل ہیرا با کی حالت جاننے کے لیے یو این مہتا اسپتال پہنچے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پی ایم مودی کی ماں ہیرا با کی صحت منگل کو خراب ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہیں احمد آباد کے یو این مہتا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تب سے ان کے خاندان کے تمام افراد ہسپتال میں موجود ہیں۔ اس درمیان پی ایم مودی احمد آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنی والدہ سے ملنے ہسپتال جائیں گے، اس لیے ہسپتال کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے قبل گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل بھی ان کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے تھے۔ انتظامیہ نے ہسپتال کے اطراف سکیورٹی سخت کردی ہے۔
ہیرا با کی حالت مستحکم: یو این مہتا ہسپتال کی جانب سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پی ایم مودی کی والدہ کو احمد آباد کے یو این مہتا اسپتال کے کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم ان کی حالت مستحکم ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی ماں ہیرا با جون 2022 میں 100 برس کی ہوگئی ہیں۔ ہیرا با کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر پی ایم مودی ان سے ملنے گاندھی نگر پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے ماں ہیرا با کا آشیرواد لیا، اپنی ماں کے پاؤں دھوئے اور شال تحفے میں دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کرناٹک کے میسور میں وزیراعظم نریندر مودی کے بھائی پرہلاد مودی کی کار حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ یہ حادثہ میسور تعلقہ کے کڈاکولا کے قریب اس وقت پیش آیا تھا جب پرہلاد مودی اپنی کار میں بنگلور سے باندی پور جا رہے تھے۔ مرسڈیز بینز کار میں پرہلاد مودی کا بیٹا، بہو اور پوتا بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس حادثے میں پرہلاد مودی، ان کی بہو اور پوتے کو شدید چوٹیں آئی ہیں جب کہ بیٹے اور ڈرائیور ستیانارائن کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی میسور کی ایس پی سیما لٹکر نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور زخمیوں کو فوری طور پر میسور کے جے ایس ایس ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔